تازہ ترین

سی پیک منصوبہ پورے خطے کےلئے گیم چینجر ثابت ہو گا، قاسم سوری

اسلام آباد(آئی این پی) ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ سی پیک منصوبہ پورے خطے کےلئے گیم چینجر ثابت ہو گا،70سالوں سے بلوچستان کو محروم اور پسماندہ رکھا گیا،بلوچستان میں بہت سے کام کرنے باقی ہیں ہم بلوچستان میں سو کے قریب منصوبوں پر کام شروع کر رہے ہیں، بلوچستان رورل سپورٹ پروگرام بلوچستان میں بہترین کام کر رہا ہے،، پرویز مشرف کی اکبر بگٹی کو شہید کرنے کی غلطی سے بلوچستان نے بڑا خمیازہ بھگتا، ان خیالات کا اظہار ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے اسلام آباد میں ‘ہمارا بلوچستان’ تقریب کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا تقریب کا انعقاد بلوچستان رورل سپورٹ پروگرام (بی آر ایس پی)نے کیا تھا، تقریب میں سینیئر صحافیوں اور اینکر پرسنز نے بھی بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کے لئے اظہار خیال کیا،تقریب میں ڈاکٹر ثنا اچکزئی، ظاہر ناصر اور دیگر مہمان بھی شریک ہوئے۔ تقریب کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری کا کہنا تھا کہ بلوچستان کو ستر سالوں میں محروم رکھا گیا ماضی میں بلوچستان کی لیڈرشپ کے ساتھ سنگین ناروا سلوک رکھا گیا۔ موجودہ حکومت بلوچستان کے عوام کو قومی دھارے میں لانے اور سی پیک کی تکمیل کے لئے سرگرم ہے۔ سی پیک پر تیزی سے کام جاری ہے یہ منصوبہ ناصرف بلوچستان کے عوام کی تقدیر بدلے گا بلکہ پورے خطے کے لئے گیم چینجر ثابت ہوگا۔ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف کی اکبر بگٹی کو شہید کرنے کی غلطی سے بلوچستان نے بڑا خمیازہ بھگتا، اب وزیراعظم عمران خان کی بہترین پالیسیوں کے باعث بلوچستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے، سی پیک کے مغربی روٹ کے لئے ہم نے بڑی کاوشیں کیں، ہماری حکومت جب آئی تو ہم نے باقاعدہ سی پیک پر کام شروع کیا۔قاسم خان سوری نے کہا کہ جیسے پورے ملک میں مسائل ہیں اسی طرح بلوچستان میں بھی ہیں، بلوچستان پاکستان کا چوالیس فیصد رقبہ ہے، بلوچستان پر ماضی میں خصوصی توجہ نہیں دی گئی، بلوچستان ماضی میں محرومیوں کا شکار رہا بلوچستان سب سے کمزور صوبہ ہے انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس پر وزیر اعظم کی پالیسز کامیاب رہیں، صحت پر زیادہ پیسہ لگانے والے ممالک بھی کووڈ کو کنٹرول نہیں کر سکے۔

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*