بلوچستان کے عوام تعلیم اور روزگار چاہتے ہیں،وزریر اعلیٰ بلوچستان

Mir Jam Kamal Khan

تربت(خ ن) وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان نے کہاہے ہم بلوچستان کی محرومیاں ختم کرنے کی پوری کوشش کر رہے ہیں۔ ماضی میں سی پیک کے منصوبوں میں بلوچستان کو نظر انداز کیا گیا۔ تربت میں عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے وزیراعظم عمران خان کی تربت آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ تربت کے لوگوں کا تعلیم کے ساتھ خصوصی لگاﺅ ہے اور یہ تربت اور پنجگور کے عوام کے لئے باعث فخر ہے کہ یہاں کے تعلیم یافتہ لوگ آپ کو ہر شعبہ زندگی میں ملیں گے۔انہوں نے کہا کہ جنوبی بلوچستان کے عوام کی تعلیم ہی ایک منفر د پہچان ہے۔عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے وزیراعظم عمران خان، وزیر منصوبہ بندی اسد عمر اور وفاقی وزیر زبیدہ جلا ل کا شکریہ ادا کیا کہ گزشتہ دور حکومت میں سی پیک ہمارے ہاتھ سے چلا گیا تھا مگر موجودہ حکومت کی کوششوں سے اور بلوچستان اپنے وسائل سے سی پیک کے وہ منصوبے مکمل کرے گاجن کی وجہ سے بلوچستان کے عوام نے خوشحال ہونا تھا۔ بلوچستان کے عوام تعلیم اور روزگار چاہتے ہیں۔ یہ وہ منصوبے ہیں جو سی پیک کے فنڈز سے مکمل ہونے تھے۔آج جن سڑکوں اور ڈیموں کی بات ہو رہی ہے اور جن ترقیاتی منصوبوں کی بات ہو رہی ہے یہ سب اب بن رہے ہیں۔ جنہیں پہلے بننا چاہئے تھا۔ اس موقع پر وزیر اعلی جام کمال خان نے وزیراعلیٰ پنجاب کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے 75کروڑ روپے کی لاگت سے تربت میں ایک بڑا ہسپتال بنانے کا اعلان کیا تھا۔اس کے علاوہ وزیر اعلیِ پنجاب نے تفتان اور چاغی کے لئے بھی منصوبوں کا اعلان کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان بھی اپنی غریبی کے باوجود اسی طرح کا تحفہ پنجاب کے عوام کو بھیجے گا۔ اگر اورنج ٹرین جتنا ترقیاتی بجٹ بلوچستان کو دیا جاتا تو صوبے کی تقدیر بدل جاتی۔ آخر میں انہوں نے ایک بارپھر وزیر اعظم کا شکریہ اداکیا کہ وہ تربت آئے اورانہوں نے یہاں کے لوگوں، پارلیمنٹیرین، طلبہ اور عمائدین سے بات کی۔انہوں نے وفاقی وزراءکی تربت آمد پر ان کا شکریہ اداکیا ،قبل ازیں وزیراعظم کے ہمراہ وزیراعلیٰ نے تربت ایئرپورٹ کی توسیع،200بستروں پر مشتمل مکران میڈیکل ٹیچنگ ہسپتال تربت، تربت یونیورسٹی فیز۔II،ہوشاب۔ آواران ایم۔8 روڈ کے منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا، اس موقع پر منصوبوں کے حوالے سے متعلقہ حکام کی جانب سے بریفنگ بھی دی گئی،دورے کے موقع پر وزیراعظم نے وزیراعلیٰ بلوچستان کے ہمراہ غریب، یتیم اور نادار بچوں کو تعلیم، خوراک اور شیلٹر کی فراہمی کے حوالے دارالاحساس کا افتتاح کیا، اس پروگرام کے تحت وسیلہ تعلیم پروگرام سے پرائمری اسکول کی مستحق بچیوں اور انڈرگریجویٹ کو احساس تعلیمی سکالر شپ فراہم ہوسکے گی۔دریں اثناءوزیراعظم عمران خان کا تربت پہنچنے پر گورنر بلوچستان جسٹس ریٹائرڈ امان اللہ خان یٰسین زئی، وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان اور صوبائی وزراءنے استقبال کیا۔

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*