بلوچستان میں حکومت گرانے کی باتوں میں کوئی صداقت نہیں ،ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی

کوئٹہ(ہ ا)ڈپٹی اسپیکرقومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن اپنی کرپشن چھپاکر اچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ بوکھلاہٹ کا شکار ہے اور اس کے اندر اختلافات شروع ہوگئے ہیں یہ بات انہوں نے کوئٹہ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ قاسم خان سوری نے قومی اسمبلی کے سابق اسپیکر ایاز صادق کی بیان پر انتہائی دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ دشمن کی بیانیے کا ساتھ دے رہے ہیں۔ سیاسی اختلافات اپنی جگہ لیکن ملک اور اپنے اداروں کے خلاف ان کی بیانیہ سمجھ سے بالا تر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں حکومت گرانے کی باتوں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ قاسم خان سوری نے کہا کہ پاکستان کے محب وطن لوگ ایاز صادق کی بیان کی پرزور مذمت کرتے ہیں اور وہ کبھی بھی پاکستان کو کمزور کرنے والی قوتوں کا ساتھ نہیں دیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں ڈپٹی اسپیکر نے کہا کہ کورونا وباءکی وجہ سے ملک کی معیشت کو دھچکا لگا جس کی وجہ سے دوسرے مسائل کے ساتھ ساتھ مہنگائی میں بھی اضافہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت مہنگائی پر قابو پانے کے لئے بھرپور کوشش کررہی ہے اور جلد ہی گندم اور چینی کی درآمد سے ان کی قیمتوں پر قابو پایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا ایک عالمی وباءتھا جس سے امریکہ برطانیہ اور بھارت میں بڑے پیمانے پر اموات ہوئی ان کی معیشت کمزور ہوگئی لیکن پاکستان میں وزیراعظم عمران خان کی بہتر حکمت عملی کی وجہ سے کورونا وباءپر بڑی حد تک قابو پالیا گیا اور اموات کی شرح بھی انتہائی کم تھی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں پی ڈی ایم کے جلسہ میں دوسرے صوبوں سے لوگوں کو لایا گیا اور اس جلسے سے ان کے اختلافات عیاں ہوگئے در یں اثنا ءڈپٹی اسپیکرقومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ سرکاری افسران ہمارے ملک کا مایہ ناز اثاثہ ہیں اور موجودہ حکومت ان کی صلاحیتوں پر بلا شبہ فخرکرتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف منیجمنٹ کورس کے 30 ویں مڈ کیریئر منیجمنٹ کورس کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا کہ میرے لئے یہ خوشی کی بات ہے کہ آج میں سرکاری آفیسران کے ایک گروپ سے خطاب کررہا ہوں جو بیورو کریٹک سطح پر قوم کے مستقبل کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے تربیت یافتہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات قابل اطمینان ہے کہ اس کورس نے آپ کو عوامی پالیسی، حکمرانی اور موثر ای سروس کی فراہم کردہ جدید طریقوں کے موضوعات میں سیکھنے کے وسیع مواقع مہیا کئے ہیں۔ قاسم خان سوری نے شرکاءکورس سے کہا کہ اس ادارے نے آپ کی صلاحیتوں کو چمکادیا ہے اور آپ کے وژن کو وسیع کردیا ہے اور تنقیدی اور تخلیقی سوچ پر زور دیا ہے اس نے آپ کو عام لوگوں کی شکایات کو دور کرنے اور ان کے ازالہ کرنے میں مدد فراہم کی اور آپ کو قومی اور صوبائی دونوں جہتوں میں بہتر نتائج کے حل، تربیت کے دوران سیکھے ہوئے مواد کو بروئے کار لاکر رکاوٹوں کو دور کرنے کی ترغیب دے گی۔ ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری نے کہا کہ میں امید کرتا ہوں کہ اس بہتر علم اور مسابقت کے ساتھ آپ عام عوام کی خدمت زیادہ موثر انداز اور بہترین پوزیشن میں کریں گے اور آپ عوامی معاملات کو ترجیح دے کر اپنے ذاتی مفاد کی قربانی دیں گے۔ میں آپ سے پراخلاص، وفاداری اور عزم کے ساتھ اپنے فرائض کی انجام دہی پر زور دینا چاہتاہوں تاکہ سول سروس کے اہداف اور مقاصد کے حصول کے لئے ایمانداری کا مظاہرہ کیا جاسکے۔ انہوں نے ڈی جی نم ڈاکٹر سعد خان، فیکلٹی ممبران اوراساتذہ کی کاوشوں اور پیشہ ورانہ جذبے کی بھی تعریف کی۔ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا کہ بدقسمتی سے گزشتہ 73 برسوں کے بعد بھی آج ملک کے تمام ادارے کرپشن کی زد میں ہے جس میں نم بلوچستان کاادارہ بھی شامل ہے جس کا منصوبہ چالیس سال گزرنے کے باوجود مکمل نہ ہوسکا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ نم بلوچستان کے پایہ تکمیل منصوبوں کو رواں سال کے پی ایس ڈی پی میں شامل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ملک سے کرپشن کی ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کا مصمم ارادہ کیا ہے اور اس سلسلے میں کرپشن کے الزام میں بڑے چور سلاخوں کے پیچھے ہیں۔ قاسم خان سوری نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان بلوچستان کی ترقی خصوصاً جنوبی اضلاع کے پسماندہ علاقوں کی ترقی کے لئے اقدامات کررہے ہیں اور اس کے لئے وہ ان پسماندہ علاقوں ترقی کے لئے خصوصی پیکج کا اعلان بھی کریں گے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی نم ڈاکٹر سعد خان نے کہا کہ نم کوئٹہ سرکاری افسران کی تربیت کا بلوچستان میں سب سے بڑا ادارہ ہے جہاں پر چاروں صوبوں کی سول انتظامیہ کے آفیسران، پولیس آفیسران، سفارت کار، انٹیلی جنس بیورو اور ایف آئی اے اور دوسرے محکموں کے ہزار ہا سرکاری ملازمین تربیت حاصل کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے امسال کورسز آن لائن منعقد کروائے گئے۔ اس موقع پر قاسم خان سوری نے شرکاءکورس میں سرٹیفکیٹس تقسیم کی۔جبکہ ڈی جی نم نے انہیں یادگاری شیلڈ پیش کئے۔بعد میں قاسم خان سوری نے راس کوہ ہا¶س کا افتتاح کیا جوکہ نم کوئٹہ کا سرکاری گیسٹ ہا¶س ہے۔

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*