حضرت محمد کی اسوہ حسنہ تمام انسانیت کیلئے بہترین نمونہ ہے‘اسپیکر و ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی

اسلام آباد(آئی این پی)سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ خاتم النبیین حضرت محمد کی زندگی تمام کائنات کے لیے مشعل راہ ہے، جس پر عمل پیرا ہو کر ہم دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خاتم النبیین حضرت محمد کی آمد تمام انسانیت کے لیے باعث رحمت ہے جس نے انسانیت کو جہالت کے اندھیرے سے نکال کر انسانیت کے اعلیٰ درجات پر فائز کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عید میلاد النبی کے موقع پر کیا جو 12ربیع اول 1442ھ بروز جمعہ دنیا بھر میں نہایت عقیدت و احترام سے منائی جارہی ہے۔سپیکر نے عید میلاد النبی کے باسعادت موقع پر مسلم امہ کو مبارکباد دیتے ہوے کہا کہ آپ کی سیرت تمام انسانیت کے لیے رشد و ہدایت کا سرچشمہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ کی سنتوں پر عمل پیرا ہو کر ہم اپنی تمام مشکلات کا حل ڈھونڈ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خاتم النبیین حضرت محمد کا اسوہ حسنہ عدل وانصاف، سچائی بقائے باہمی، انسانیت سے ہمدردی،صبر و برداشت اور امن ومحبت کی بہترین مثال ہے۔سپیکر نے فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کی مذمت کرتے ہوے کہا کہ ان خاکوں کی اشاعت سے پوری امت مسلمہ کے جذبات اور احساسات بری طرح مجرو ح ہوئے ہیں اور پوری ا±مہ اس کے خلاف سراپا احتجاج ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزادی اظہار رائے کی آڑ میں ایسے مواد کی اشاعت جس سے دوسروں کی دل آزاری ہو انتہائی قابل مذمت ہے۔ ایسے مواد کی اشاعت پر عالمی سطح پر پابندی لگانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اسلام و فوبیا کے تدارک کے لیے مسلم ممالک میں اتحاد اور قریبی رابطوں کی ضرورت پر زور دیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے مسلم ممالک کے سربراہان کو اسلام و فوبیا کے خاتمے کے لیے متحد ہونے کے لیے لکھے گئے خطوط کو سراہا۔اسد قیصر نے کہا کہ خاتم النبیین حضرت محمد کا ا±متی ہونا ہمارے لیے اللہ تعالی کا احسان عظیم ہے،جس کا جتنا بھی شکر ادا کیا جائے کم ہے۔انہوں نے کہا کہ آپ کی حیات طیبہ مینار نور ہے اور زندگی کے ہر شعبے میں انسانیت کے لیے مشعل راہ ہے اور قیامت تک آنے والے بنی نوع انسان کی رہنمائی کرتی رہے گی۔ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے عید میلاد النبی پر اپنے پیغام میں کہا کہ آپ انتہائی اعلیٰ اخلاق و اوصاف کے مالک تھے اور آپ نے پاکیزہ سیرت اور ذاتی عمل کے ذریعے انتہائی قلیل عرصہ میں لوگوں کی زندگیوں میں تبدیلی لا کر دنیا میں ایک انقلاب برپا کیا اور ایک صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لیے ایک مکمل ضابطہ اخلاق دیا۔ ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ خاتم النبیین حضرت محمد کی سیرت طیبہ ایک مکمل ضابطہ حیات ہے جس کی پیروی ہر فرد کو کرنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ آپ کی تعلیمات میں سب مسائل کا حل موجود ہے خاتم النبیین حضرت محمد کے اسوہ حسنہ کی پیروی کر کے ہم رنگ ونسل کے امتیازات ختم کر کے اپنی زندگیوں کو خوشیوں سے بھر سکتے ہیں۔ انہوں نے فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کی سختی سے مذمت کرتے ہوے کہا کہ ایسے اقدام سے مسلمانوں کے دلوں سے خاتم النبیین حضرت محمد کی محبت اور عقیدت کو کم نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ خاتم النبیین حضرت محمد پر ہماری جان و مال سب قربان ہیں اور ان کی حرمت اور ناموس پر کوئی آنچ نہیں آنے دینگے۔

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*