پاکستان، چین اور افغانستان کورونا وبا کےخلاف تعاون، افغان امن اور سہ فریقی تعاون پر متفق

اسلام آباد(آئی این پی ) پاکستان، چین اور افغانستان نے کورونا وبا کے خلاف تعاون، افغان امن اور مفاہمتی عمل اور سہ فریقی تعاون پر اتفاق کیا ہے۔ چین ، افغانستان ،پاکستان کے نائب وزرائے خارجہ کے سہ فریقی سٹریٹجک ڈائیلاگ کا مشترکہ اعلامیہ جاری کردیاگیا جس میں کہاگیا ہے کہ مذاکرات کا تیسرا دور وڈیو لنک کے ذریعے منعقد ہوا ۔ چین کے نائب وزیر خارجہ لوزواہوئی ، افغانستان کے ڈپٹی وزیر خارجہ میرویس نیب اور پاکستان کے سیکرٹری خارجہ سہیل محمود نے ڈائیلاگ کی مشترکہ صدارت کی ، تینوں اطراف نے تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور سہ فریقی تعاون کے فروغ ،کووڈ 19سے مل کر نمٹنے سے مکمل اتفاق رائے کیا ، تینوں فریقین چین ، افغانستان ، پاکستان سہ فریقی تعاون کے ذریعے انتہائی اہمیت سے منسلک ہیں اورمتحرک طریقے سے اس پرعملدر آمد کا سلسلہ جاری رکھیں گے ۔ اعلامیہ کے مطابق تینوں فریقوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مشترکہ طور پر امتیازی سلوک کا خاتمہ کرے۔ کورونا کی عالمی وبا کی روک تھام کیلئے عالمی ادارہ صحت کے قائدانہ کردار میں مدد کرے۔ وبا کی روک تھام کیلئے بین الاقوامی تعاون بڑھانے اور خطے اور باہر کی دنیا میں عوامی تحفظ کیلئے مشترکہ کوششیں کرے۔چین اور پاکستان نے بین الافغان مذاکرات کے آغاز کی راہ ہموار کرنے کیلئے قیدیوں کے تبادلے کے عمل کو تیز کرنے میں افغان حکومت اور متعلقہ فریقوں کی کوششوں کو سراہا اور تشدد میں کمی اور انسانی بنیادوں پر جنگ بندی پر زور دیا۔افغانستان اور پاکستان نے مذاکرات کو مزید مستحکم کرنے اور امن و یکجہتی کیلئے افغانستان پاکستان لائحہ عمل پر موثر عملدرآمد کے ذریعے دوطرفہ تعلقات میں مسلسل بہتری کیلئے کام کرنے پر اتفاق کیا۔چین کے نائب وزیر خارجہ نے کہا کہ ان کا ملک افغانستان اور پاکستان کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانے کیلئے تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔تینوں فریقوں نے دہشت گردی کی ممکنہ لہر سے بچنے کیلئے افغانستان سے منظم، ذمہ دارانہ اور حالات کی مناسبت سے غیرملکی فوجیوں کے انخلا پر زور دیا۔

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*