شیخوپورہ ، ٹرین اور مسافر کوسٹر میں تصادم، 19افراد جاں بحق،8زخمی

شیخوپورہ(آئی این پی)شیخورہ کے علاقے فاروق آباد کے قریب ریلوے پھاٹک پر مسافر کوسٹر ٹرین کی زد میں آنے سے 19افراد جاں بحق جب کہ 8 زخمی ہوگئے۔ جمعہ کو شیخورہ کے علاقے فاروق آباد میں جاتری روڑ پر واقع ریلوے پھاٹک پر مسافر کوسٹرکراچی سے لاہور جانے والی شاہ حسین ایکسپریس سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں کوسٹر میں سوار متعدد افراد جاں بحق اور زخمی ہوگئے۔حادثے میں زخمی ہونے والوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کردیا گیا، طبی عملے نے حادثے میں 19افراد کے جاں بحق جب کہ 8کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔ زخمیوں میں سے کچھ کی حالت تشویشناک ہے۔ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ کوسٹر میں سکھ خاندان سوار تھا جس کا تعلق پشاور سے تھا، خاندان کے تمام افراد قریبی عزیز کی فوتگی پر ننکانہ صاحب آئے تھے، ننکانہ صاحب سے واپس پشاور جاتے سچا سودا گردوارہ کے پاس کوسٹر بس ڈرائیور نے پھاٹک سے پیچھے کچے راستے سے بس گزارنے کی کوشش کی، اسی دوران کوسٹر کراچی سے لاہور جانے والی شاہ حسین ایکسپریس سے ٹکرا گئی۔ترجمان ریلوے کے مطابق حادثہ شیخوپورہ میں فاروق آباد اوربحالی ریلوےاسٹیشن کے درمیان بغیرپھاٹک کی کراسنگ پر پیش آیا جہاں شاہ حسین ایکسپریس اسٹیشن کے قریب سکھ برادری کی کوسٹر سے ٹکرائی۔ترجمان ریلوے نے بتایا کہ کوسٹر میں 25 سکھ یاتری سوار تھے جن میں سے 19 یاتری ہلاک ہوگئے، واقعے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچ گئے جنہوں نے زخمیوں اور لاشوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا۔ترجمان محکمہ ریلوے کا کہنا ہے کہ وزیر ریلوے شیخ رشید نے واقعے کے ذمہ داروں کے خلاف فوری کارروائی کا حکم دیا ہے، ڈی ای این کو فوری طور پر معطل کردیا گیا ہے۔وزیراعظم عمران خان نے شیخوپورہ ٹرین حادثے میں ہلاکتوں پراظہار افسوس کرتے ہوئے زخمیوں کو فوری طبی امداد دینے کی ہدایت کی ہے۔

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*