موجودہ حالات میں بین الصوبائی ہم آہنگی کی ضرورت بہت زیادہ ہے، جام کمال

Chief Minister Balochistan, Mir Jam Kamal

کوئٹہ/لاہور(این این آئی) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے 90 شاہراہ قائداعظم پر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، بین الصوبائی ہم آہنگی کے فروغ اور دو طرفہ تعاون کو وسعت دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ جام کمال نے بلوچستان کی تعمیر و ترقی کیلئے پنجاب حکومت کے تعاون پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا شکریہ ادا کیا۔ ملاقات میں کورونا وباءکا پھیلاو¿ روکنے اور ٹڈی دل سے فصلوں کو بچانے کیلئے مشترکہ طور پر موثر اقدامات اٹھانے پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا کہ موجودہ حالات میں بین الصوبائی ہم آہنگی کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ ہے پنجاب کو بھی ہم اپنا گھر سمجھتے ہیں دونوں صوبے ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھا کر فلاح عامہ کے سفر کو آگے بڑھائیں گے میر چاکر اعظم رند مقبرے کی بحالی پر حکومت پنجاب کے شکر گزار ہیں۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ کورونا وباءکے باعث غیر معمولی صورتحال سے گزر رہے ہیں۔پنجاب حکومت نے کورونا کا پھیلاو¿ روکنے کیلئے ہر ضروری اقدام بروقت اٹھایا ہے اور ٹڈی دل سے فصلو ں کو بچانے کیلئے موثر اقدامات کئے گئے ہیں۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور حکومتی کاوشوں کے باعث ٹڈی دل سے فصلیں زیادہ متاثر نہیں ہوئیں۔ٹڈی دل کے ممکنہ اگلے حملے سے فصلوں کو بچانے کیلئے متعلقہ محکموں کو پیشگی ہدایات جاری کردی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں بسنے والے بہن بھائیوں کی ہرممکن خدمت کرتے رہیں گے۔بلوچستان کی ترقی بھی اتنی ہی عزیز ہے جتنی پنجاب کی۔ بلوچستان کے علاقے خاران میں ٹیکنیکل کالج بنایا جائے گا۔ تفتان میں کمیونٹی سنٹر قائم کیا جائے گا اور تربت میں 100 بستر وں پر مشتمل ہسپتال بنائیں گے اور اس ضمن میں بجٹ میں ایک ارب 25 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ بلوچ بہن بھائیوں کی جو بھی خدمت ہو گی پنجاب پیچھے نہیں رہے گا۔ اوکاڑہ میں میر چاکر اعظم رند کے مقبرے کی اصل حالت میں بحالی کیلئے فنڈز مہیا کر دیئے ہیں اور کام شروع ہو چکا ہے پنجاب بڑے بھائی کے طور پر بلوچستان سمیت ہر صوبے سے محبت کا بھرپور حق ادا کر رہا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ ترقی اور خوشحالی کے سفر میں دونوں صوبے قدم سے قدم ملا کر آگے بڑھیں گے۔ بلوچستان کے لوگ محب وطن اور محنتی ہیں۔ نئے پاکستان کی تعمیر و ترقی کے سفر میں شانہ بشانہ چلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میرے دل کے بہت قریب ہے۔ پنجاب حکومت بلوچستان کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی اور صوبوں کے درمیان یکجہتی، ہم آہنگی اور بھائی چارے کو فروغ دیا جائے گا۔۔ صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان، رکن پنجاب اسمبلی سمیع اللہ چوہدری، چیف سیکرٹری بلوچستان فضیل اصغر، ایڈیشنل چیف سیکرٹری انفراسٹرکچر، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری انسانی حقوق و اقلیتی امور، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ بلوچستان، وزیراعلیٰ پنجاب کے سیکرٹری کوآرڈینیشن اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ دریں اثنا وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان لاہور پہنچے تو وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ایئرپورٹ پر ان کا استقبال کیا۔

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*