نئے مالی سال 2020-21کے فنانس بل کا اطلاق آج سے ہوگا

لاہور(کامرس ڈیسک )نئے مالی سال 2020-21کے فنانس بل کا اطلاق آج یکم جولائی ( بدھ) سے ہوگا ۔پنجاب حکومت نے جی ایس ٹی آن سروسز ، کنسٹرکشن سروسز ، پراپرٹی ٹیکس ،تفریحی ٹیکس میں متعدد مراعات اور چھوٹ دی ہے ،رائیڈر سروسز( آن لائن ٹیکسی سروسز )پر 4فیصد ٹیکس (رائیڈ ۔ہیلنگ سروسز)کا نفاذ بھی آج سے ہوگا ،سٹیمپ ایکٹ 1899میں ترمیم کے باعث متعدد اقسام کی سٹیمپ ڈیوٹی کی شرح بھی 5فیصد سے کم ہو کر 1فیصد ہو گئی ،کورونا وائرس کی وجہ سے مراعات اور سٹیمپ ڈیوٹی میں چھوٹ جومالی سال 2019-20ءمیں دی گئی تھیں وہ نئے مالی سال میں بھی جاری رہیں گی ۔آج ( بدھ) سے نافذ العمل ہونے والے فنانس بل کے مطابق جی ایس ٹی آن سروسز کی مد میں ہیلتھ انشورنس ، ڈاکٹروں کی کنسلٹنسی اور ہسپتالوں پر ٹیکس کی شرح جو پہلے 5فیصد تھی آج سے صفر فیصد ہو گی ۔ 20سے زائد سروسز پر ٹیکس ریٹ 16فیصد سے کم کرکے 5فیصد کر دی گئی ہے جن میں چھوٹے ہوٹلز، موٹلز ،گیسٹ ہاﺅسز،شادی ہالز، لانز، پنڈال،شامیانہ سروسز اور کیٹررز، آئی ٹی سروسز، ٹور آپریٹرز ، جمز ،پراپرٹی ڈیلرز،کیبل ٹی وی آپریٹرز، ٹریٹمنٹ آف ٹیکسٹائل اینڈ لیدر، زرعی اجناس سے متعلقہ کمیشن ایجنٹس ، آڈٹ ،اکاﺅنٹنگ اینڈ ٹیکس کنسلٹنسی سروسز، فوٹو گرافی اور پارکنگ سروسز شامل ہیں۔ نئے مالی سال میں پراپرٹی بلڈرز اور ڈویلپرز سے بالترتیب 50روپے فی مربع فٹ اور 100روپے فی مربع گز ٹیکس وصول کیا جائے گا ، جوشخص پراپرٹی بلڈرز اور ڈویلپرز کے طور پر ٹیکس ادا کرے گا اسے کنسٹرکشن سروسز سے ٹیکس چھوٹ ہو گی ۔ ریسٹورنٹس اور بیوٹی پارلرز پر بذریعہ کیش ادائیگی کرنے والے صارفین سے 16فیصد جبکہ کریڈٹ یا ڈیبٹ کارڈ سے ادائیگی کی صورت میں 5فیصد جنرل سیلز ٹیکس وصول کیا جائے گا ۔

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*