بلوچستان کی خواتین میں صلاحیتوں کی کوئی کمی نہیں ہے،گورنر بلوچستان

Justice (R) Amanullah Yaseenzai Governor Balochistan

کوئٹہ(خ ن) گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی نے کہا ہے کہ خواتین کو معاشی اور معاشرتی شعبوں میں مردوں کے برابر مواقع اور سہولیات فراہم کرنے سے ہی ملک کے معاشی نظام کو مضبوط اور مستحکم بنایا جاسکتا ہے کیونکہ معاشی طور پر خودمختار اور مستحکم خواتین کا کردار معاشی ترقی کے علاوہ اپنے بچوں کی جدید تعلیم وتربیت کیلئے بھی نہایت اہم ہوتا ہے ۔گورنر یاسین زئی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت معاشی نظام کی بہتری اور قومی پیداوار میں اضافہ کیلئے زندگی کی تمام سرگرمیوں میں خواتین کی شرکت اور شمولیت پر یقین رکھتی ہے. ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز گورنرہاوس کوئٹہ میں ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ کی سربراہ سونیا بلوچ کی قیادت میں خواتین کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر گورنربلوچستان نے کہا کہ بلوچستان کی خواتین میں صلاحیتوں کی کوئی کمی نہیں ہے البتہ مواقعوں کی عدم دستیابی اور سہولیات کی عدم موجودگی ان کی راہ میں سردست بڑی رکاوٹیں ہیں۔گورنر یاسین زئی نے وفد پر زور دیا کہ وہ صنعت وتجارت سے وابستہ خواتین کی تعداد کے ساتھ ساتھ انکے استعداد کار بڑھانے پر بھی اپنی بھرپور توجہ مرکوز رکھیں تاکہ جدید مہارتیں سیکھانے سے غریب اور متوسط طبقے کی خواتین اپنی آمدنی میں اضافہ کی نئی راہیں متعین کر سکیں. ملاقات کے دوران سونیا بلوچ نے گورنر بلوچستان کو صوبے میں تجارت پیشہ خواتین کے مسائل ومشکلات سے آگاہ کیا. گورنر یاسین زئی نے انکے مسائل ومشکلات کو غور اور توجہ سے سنا اور انکے پائیدار حل کیلئے اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*