یہ ملک ہم نے اپنے آباو اجداد کی عظیم قربانیوں سے حاصل کیا، وزیراعلیٰ بلوچستان

Mir Jam Kamal Khan

کوئٹہ(خ ن) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے یوم آزادی پر قوم کو مبارکباد پیش کی ہے۔ اپنے ایک پیغام میں وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ ہم نے آج کا دن کشمیری عوام سے یکجہتی کے اظہار سے منسوب کیا ہے جو گذشتہ 72سالوں سے اپنے حق خودارادیت کے حصول کی جنگ لڑتے ہوئے ہزاروں جانیں قربان کرچکے ہیں، اور اپنی دھرتی پر بھارت کے غاصبانہ قبضہ کے خلاف پرعزم جدوجہد کررہے ہیں اور جو شمع انہوں نے روشن کی ہے وہ ظلم وجبر سے بجھائی نہیں جاسکتی، وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ یہ ملک ہم نے اپنے آباو اجداد کی عظیم قربانیوں کے نتیجے میں حاصل کیا۔ اس کا تحفظ اور تعمیر و ترقی اب ہماری ذمہ داری ہے جس سے عہدہ برآہونے کے لئے ہمیں اپنے تمام فروعی اور گروہی اختلافات بھلا کر اور ہر قسم کے تعصبات سے بالا تر ہو کر ایک متحد قوم کی شکل میںکام کرنا ہوگا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس وقت وطن عزیز کو اندرونی و بیرونی چیلنجوں اور دہشت گردی کی عفریت کا سامنا ہے، ملک دشمن قوتیں بدامنی پھیلاکر پاکستان کو کمزور اور غیر مستحکم کرنا چاہتی ہیں تاہم اپنی صفوں میں مکمل اتحاد و اتفاق قائم کر کے ہم دشمنوں کے ناپاک عزائم ناکام بناسکتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح کے فرمودات اور شاعر مشرق ڈاکٹر محمد علامہ اقبال کی فکر کو مشعل راہ بناکر ہم پاکستان کو ایک عظیم اسلامی مملکت بناسکتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جشن آزادی کے موقع پر ہمیں اپنے ان شہداءکو بھی خراج عقیدت پیش کرنا چاہئے جنہوں نے قیام پاکستان سے اب تک ملک کے دفاع اور امن کے لئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اگر اب بھی ہم ماضی سے سبق سیکھ کر اپنے ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار نہ کر سکے تو آنے والی نسلیں ہمیں کبھی معاف نہیں کریں گی۔ وزیراعلی نے دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمیشہ پاکستان کی حفاظت فرمائے اور اسے تعمیر وترقی کی راہ پر گامزن رکھے۔

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*