سرمایہ کاری میں حائل رکاوٹیں دور کی جائیں

گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے سرمایہ کاری کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرمایہ کاری کے راستے میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جائے اور ایسا ماحول بنایا جائے جس سے مقامی اور بیرونی سرمایہ کار راغب ہوں ۔حکومتی منظور یوں اورٹیکس نظام کو بھی آسان بنایا جائے ۔انہوں نے مزید کہا کہ سرمایہ کاری میں اضافے کےلئے چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ جامع منصوبہ پیش کریں۔
وزیراعظم عمران خان کا مذکورہ بیان بلاشبہ خوش آئند اور قابل تعریف ہے سرمایہ کاری کے راستے میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنا اشد ضروری ہے کیونکہ یہ ملک کے مفاد میں ہے۔ اس وقت ملک کو اس کی بڑی ضرورت ہے کیونکہ ملک میں معیشت کی حالت ٹھیک نہیں ہے سابقہ حکومتوں نے ملک کی معیشت کا نہ صرف بیڑہ غرق کیا ہے بلکہ انہوں نے ملک پر بیرون ملک بہت زیادہ قرضے اور خزانے کو بالکل خالی چھوڑ کر موجودہ حکومت کے حوالے کیا۔ ان کے ان اقدامات کی وجہ سے معیشت کی حالت خراب ہے اور اس وقت ملک قرضے ادا کرنے کےلئے اس پر سود کی رقم دینے کےلئے بھی مشکلات سے دوچار ہے جس کے لئے وزیراعظم عمران خان نے دوست ممالک سعودی عرب ،چین اور ملائیشیا کے دورے کئے جو کامیاب رہے۔ان دوروں کے مثبت نتائج بر آمد ہورہے ہیں جس سے ملک کی معیشت اب بہتری کی جانب گامزن ہے۔ اب اگر یہاں بیرون ممالک سرمایہ کاری کرتے ہیں تو اس سے ملک کی معیشت مزید بہتر ہوگی جوکہ ملک کے بہترین مفاد میں اقدام ہوگا۔
اس سلسلے میں بیوروکریسی اور دوسرے متعلقہ اداروں کو حکومت کےساتھ بھر پور تعاون کرنا چاہےے ان کو نہ صرف بیرون ممالک بلکہ اندرون ملک کے سرمایہ کاروں کو بھی ملک میں سرمایہ کاری کرنے کےلئے راغب کرنا چاہےے کیونکہ یہ کام صرف وزیراعظم عمران خان اکیلے نہیں کرسکتے۔ اس میں تمام اکائیوں کو مل کر دار ادا کرنا ہوگا جو کہ نہایت ہی ضروری اور ناگزیر ہے کیونکہ یہ ملک کی بقاءکا معاملہ ہے ۔
ہم سمجھتے ہیں کہ وزیراعظم عمران خان ملک کی معیشت کو سنبھالا دینے کےلئے احسن اقدامات کررہے ہیں۔ اس لئے ان کے ساتھ مذکورہ تمام اکائیاں بھر پور تعاون کریں تو وہ اس میں کامیاب ہوجائیں گے اور ان کی یہ کامیابی ملک کے بہترین مفاد میں ہے۔ اس سلسلے میں اپوزیشن جماعتوں کو بھی حکومت کے ساتھ بھر پور تعاون کرنا چاہےے چونکہ یہ ملک کے مفاد کا معاملہ ہے اس لئے اس پر کوئی سیاست نہیں کرنی چاہےے کیونکہ ملک ہے تو سب ہیں اس لئے ملک کی ترقی کےلئے سب کو ایک بیج پر ہونا چاہےے ۔

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*