غیرملکی سرمایہ کاروں کیلئے موثر نظام فراہم کررہے ہیں، صدر عارف علوی

ریاض (اے این این)صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان میں غیرملکی سرمایہ کاروں کو اپنی طرف متوجہ کرنے کیلئے موثر سرمایہ کاری نظام فراہم کررہے ہیں۔ ون وِنڈو کی صورت میں طویل نظام کو سرمایہ کاروں کی سہولت کیلئے مزید آسان بنایا جارہا ہے۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مکہ مکرمہ میں پاکستانی کمیونٹی کے نمائندہ وفد کے ارکان سے خطاب کرتے ہوئے بیرون ملک پاکستانی کمیونٹی کے کردار کی تعریف کی اور کہا کہ وہ قیمتی زرمبادلہ اپنے ملک بھیج کر ملک کی خدمت کرتے ہیں۔انہوں نے یہ زر مبادلہ بینکنگ چینلوں کے ذریعے پاکستان بھیجنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ ان کی سخت محنت کی کمائی پاکستان کی معیشت میں ترقی کی متحرک بن سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہم تبدیلی کیلئے آئے ہیں اور ہم سب کو مل کر اسی طرح تبدیلی کا آغاز کرنا ہے۔پاک سعودی معاشی تعلقات کے سوال کا جواب دیتے ہوئے صدر پاکستان نے کہا کہ سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان ساتھ دیا ہے۔ پاک سعودی دیرینہ تعلقات کی بنیاد دونوں ممالک کے لوگوں کا آپس میں رابطہ اور پاکستانی عوام کی حرمین شریفین سے محبت ہے۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی معیشت میں یہ مماثلت ہے کہ ان کی آبادی کا پچاس فیصد سے زائد حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے جو ایک بہت بڑی صلاحیت ہے۔ یہ نوجوان اپنے ممالک کی معیشت میں مثبت کردار ادا کرسکتے ہیں، ان کو کام کرنے کے مواقع ملنا چاہئیں۔صدر مملکت نے کہا کہ سعودی مارکیٹ میں غیر تربیت یافتہ محنت کش طبقے کی نسبت تربیت یافتہ افراد کی طلب میں اضافہ ہوا ہے اور ہمیں اس طلب سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔غیر ملکی پاکستانیوں کے ڈیٹا بیس پر ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ غیر ملکی پاکستان اپنے ملک کیلئے ایک اثاثہ اور بیرون ملک پاکستان کے سفیر ہیں۔ ہم یقینی طور پر انہیں ترقیاتی عمل میں شامل کریں گے اور ان کے تجربات سے بھرپور فائدہ اٹھائیں گے۔صدر پاکستان نے کمیونٹی کی جانب سے اٹھائے گئے مسائل کو نوٹ کیا اور کہا کہ وہ پاکستان پہنچ کر متعلقہ اداروں سے ان نکات پر رپورٹ لیں گے۔

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*