داخلی صورتحال بہتر ہونے سے بیرونی سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہوئی ،آرمی چیف

کراچی (نیوز ایجنسی) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاک فوج سرحدوں کے دفاع کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے،داخلی صورتحال بہتر ہونے سے بیرونی سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہوئی ہے، ملک میں سیکیورٹی کی صورتحال بہتر ہو رہی ہے، تاجروں اور صنعت کاروں کو محفوظ ماحول دینے کے لیے کردار ادا کرتے رہیں گے،پاکستانی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو محفوظ فضا کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔ بدھ کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے گدرا سیکٹر سندھ میں اگلے مورچوں کا دورہ کیا۔ آرمی چیف نے جوانوں کی پیشہ ورانہ تیاریوں اور بلند حوصلے کو سراہا۔آرمی چیف نے تھرکول پروجیکٹ کا بھی دورہ کیا۔ تھر کول پہنچنے پر مینیجنگ ڈائریکٹر فوجی فرٹیلائزر لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ طارق خان نے ان کا استقبال کیا۔ آرمی چیف کو منصوبوں پر ہونے والی پیشرفت پر بریفنگ دی گئی۔دورے کے موقع پر کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل ہمایوں عزیز بھی آرمی چیف کے ہمراہ تھے۔اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج سرحدوں کے دفاع کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے، ملک میں سیکیورٹی کی صورتحال بہتر ہو رہی ہے۔ داخلی صورتحال بہتر ہونے سے بیرونی سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہوئی ہے۔آرمی چیف نے کہا کہ تاجروں اور صنعت کاروں کو محفوظ ماحول دینے کے لیے کردار ادا کرتے رہیں گے۔ پاکستانی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو محفوظ فضا کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔اس سے قبل آرمی چیف نے ایئر ڈیفنس سینٹر کراچی کا دورہ کیا تھا۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں آرمی ایئر ڈیفنس کا کردار قابل تحسین ہے۔

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*