پاکستان کو ریاست مدینہ کے اصولوں پر چلائینگے،عمران خان

اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں ) وزیرِ اعظم عمران خان نے کہاہے کہ ہم نے عہد کیا ہے کہ پاکستان کو ریاستِ مدینہ کے اصولوں پر چلائیں گے ، طالب علموں کے ضروری ہے کہ وہ دنیا کے سب سے عظیم لیڈر ہمارے پیغمبر آنحضرت کی حیاتِ مبارکہ کے بارے میں تعلیم حاصل کریں تاکہ انکی سیرتِ طیبہ سے رہنمائی حاصل کی جا سکے، آنحضرت کی سیرت طیبہ پر ریسرچ کے فروغ کے لئے ملک کی تین بڑی جامعات میں سیرت چیئر قائم کی جا رہی ہے، بلوچستان میں پانی کا مسئلہ بہت سنگین ہے ، اس پر قابو پانے کے لئے جامع منصوبہ بندی کی ضرورت ہے،نئے بلدیاتی نظام میں ترقیاتی فنڈز نچلی سطح پر منتقل کیے جائیں گے ،ویلیج لیول پر ترقیاتی فنڈز کی فراہمی سے بلوچستان کے علاقوں کی پس ماندگی دور کرنے میں مدد ملے گی، ملک بھر میں سپورٹس کا نیا نظام لائیں گے ۔ وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیہ کے مطابق منگل کو وزیرِ اعظم عمران خان سے کیڈٹ کالج مستونگ کے طلبا کی وزیرِ اعظم آفس میں ملاقات کی جس دوران ملاقات میں وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار زبیدہ جلال بھی موجود تھیں ، ملاقات میں طلبا کی جانب سے مختلف موضوعات پر وزیرِ اعظم سے بات چیت کی گئی۔اس دوران ان سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ انسان کی پہچان اس کے ارادوں اور اسکی سوچ سے ہوتی ہے، جو انسان جتنے بڑے خواب دیکھتا ہے، جتنے بڑے چیلنجز قبول کرتا ہے وہ اتنا ہی بڑا انسان ہوتا ہے، ہر چھوٹی کامیابی انسان کو بڑی کامیابیوں کے لئے تیار کرتی ہے، انسان جب تک محنت جاری رکھتا ہے وہ اتنا ہی بڑا شخص بنتا جاتا ہے، انسان ہارتا اس وقت ہے جب وہ ہار مان لیتا ہے، اچھا اور برا وقت زندگی کا حصہ ہوتے ہیں۔ برا وقت انسان کو سبق سکھاتا ہے۔ انہوںنے کہاکہ بلوچستان میں پانی کا مسئلہ بہت سنگین ہے۔ بڑھتی ہوئی آبادی اور زیرِ زمین پانی کی سطح کے مزید نیچے جانے سے یہ مسئلہ اور بھی سنگین ہو چکا ہے۔ اس پر قابو پانے کے لئے جامع منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔ ملک میں تین طرح کے نظام تعلیم نے مسائل کو جنم دیا ہے۔ مختلف طبقوں کے لئے مختلف نظام تعلیم کی کسی معاشرے میں گنجائش نہیں ہوتی۔ ہماری کوشش ہے کہ ملک بھر میں یکساں اور معیاری نصابِ تعلیم رائج کیا جائے۔ مختلف وجوہات کی بنیاد پر صوبہ بلوچستان ملک کے باقی حصوں سے پیچھے رہ گیا ہے۔ ہماری پوری کوشش ہوگی کہ بلوچستان کی تعمیر و ترقی اور خصوصا طالب علموں کو تعلیم کے مواقع کی فراہمی کے لئے پوری کوشش کی جائے اور انکو وظائف دے کر تعلیم کے میدان میں آگے بڑھنے میں مدد دی جائے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ نئے بلدیاتی نظام میں ترقیاتی فنڈز نچلی سطح پر منتقل کیے جائیں گے۔ ویلیج لیول پر ترقیاتی فنڈز کی فراہمی سے بلوچستان کے علاقوں کی پس ماندگی دور کرنے میں مدد ملے گی، ملک بھر میں سپورٹس کا نیا نظام لائیں گے تاکہ نوجوانوں کو کھیل کے میدان میں اپنی صلاحیتیوں کے جوہر دکھانے کے مواقع میسر آئیں، ہم نے عہد کیا ہے کہ پاکستان کو ریاستِ مدینہ کے اصولوں پر چلائیں گے۔وزیراعظم نے کہا کہ طالب علموں کے ضروری ہے کہ وہ دنیا کے سب سے عظیم لیڈر ہمارے پیغمبر آنحضرت ﷺ کی حیاتِ مبارکہ کے بارے میں تعلیم حاصل کریں تاکہ انکی سیرتِ طیبہ سے رہنمائی حاصل کی جا سکے۔ آنحضرتﷺ کی سیرت طیبہ پر ریسرچ کے فروغ کے لئے ملک کی تین بڑی جامعات میں سیرت چیئر قائم کی جا رہی ہے۔

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*