کوئٹہ میں ٹریفک مسائل اور صفائی کی ابتر صورتحال

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے گزشتہ روز منعقد ہونے والے اجلا س میں کوئٹہ شہر میں ٹریفک کے بڑھتے ہوئے مسائل اور صفائی کی ابتر صورتحال پر نا پسندیدگی اور اس حوالے سے ٹریفک پولیس اور متعلقہ محکموں کے اقدامات پرعدم اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ اجلا س میں کوئٹہ شہر میں ٹریفک کی بلا تعطل آمدورفت کےلئے ٹریفک مینجمنٹ پلان کو ضروری قرار دیا گیا جس کی تشکیل کےلئے جلد حکمت عملی وضع کی جائے گی۔ اجلاس میں شہر میں غلط پارکنگ تجاوزات اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کےخلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی ۔
وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کا کوئٹہ شہر میں ٹریفک کے بڑھتے ہوئے مسائل اور صفائی کی ابتر صورتحال پر ناپسندگی اور اس حوالے سے اقدامات نہ کرنے پر عدم اطمینان کا اظہار حقیقت پر مبنی اقدام ہے کیونکہ اس وقت کوئٹہ شہر میں ٹریفک کے مسائل بہت زیادہ ہوگئے ہیں جس کی وجہ سے اکثر سڑکوں پر ٹریفک جام رہتی ہے جس کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور اس کے لئے ٹریفک مینجمنٹ پلان ضروری ہے کیونکہ اس کے بغیر ٹریفک کا یہ گھمبیر مسئلہ حل نہیں ہوسکتا۔ کوئٹہ شہر میں ٹریفک کے مسائل اکثر سڑکوں کا چھوٹا ہونا ناجائز تجاوزات کی بھرمار ،انڈر پاسز اور اوور فلائی کا نہ ہونا کے ساتھ ساتھ آہستہ چلنے والی ٹریفک جن میں گدھا ،گھوڑا گاڑیاں اور ہاتھ کی ریڑھیاں شامل ہیں۔ مذکورہ تمام اسباب ٹریفک کے مسائل کا سبب بن رہے ہیں جن کا ادراک کرنا بہت ہی ضروری ہے اس کے ساتھ ساتھ ڈرائیوروں کےلئے آگاہی مہم چلانا بھی ضروری ہے کیونکہ اکثر ڈرائیور ڈرائیونگ اصولوں سے نابلد ہیں ۔
اس کے ساتھ ساتھ کم عمر اور بغیر ڈرائیونگ لائسنس والے ڈرائیور بھی ٹریفک مسائل میں سے ایک بڑا مسئلہ ہے۔ اس طرح ٹریفک اہلکاروں کی تعداد میں اضافہ بھی ضروری ہے جو ٹریفک کو کنٹرول کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں ۔
کوئٹہ شہر میں ٹریفک کا ایک اہم مسئلہ گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی تعداد میں بہت زیادہ اضافہ بھی ہے کیونکہ موجودہ اکثر سڑکیں 50ہزار کی آبادی والے شہر کےلئے بنائی گئی تھیں لیکن اب آبادی 30لاکھ ہوچکی ہے اور اسی حساب سے گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے ٹریفک مسائل بڑھتے جارہے ہیں ۔
اس لئے یہاں ضرورت اس امر کی ہے کہ کوئٹہ جو صوبائی دارالحکومت بھی ہے میں ٹریفک مسائل کو حل کرنے کےلئے مذکورہ تجاویز پر عمل کرنا انتہائی ناگزیر ہے کیونکہ اس کے بغیر یہ اہم مسئلہ جوں کا تو ں رہے گا اور عوام اسی طرح مشکلات اور مسائل سے دوچار رہینگے ۔

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*