حکومت نوجوانوں کی بہتر ترقی کیلئے سازگار پالیسیاں تشکیل دے

اسلام آباد (کامرس نیوز) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عامر وحید نے کہا کہ نوجوان ملک کا عظیم سرمایہ ہیں اور ان کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھا کر پاکستان پائیدار اقتصادی ترقی حاصل کر سکتا ہے لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ حکومت نوجوانوں کی بہتر ترقی کیلئے سازگار پالیسیاں تشکیل دے اور انہیں تعمیری سرگرمیوں میں مصروف کرنے کیلئے کوششیں تیز کرے۔ انہوں نے کہا کہ یونائیٹڈ نیشنز ڈویلپمنٹ پروگرام کی حالیہ نیشنل ہومین ڈیولپمنٹ رپورٹ کے مطابق پاکستان ایک نوجوان آبادی والا ملک ہے کیونکہ اس کی کل آبادی کا 64فیصد تیس سال سے کم عمر افراد پر مشتمل ہے جبکہ پاکستان کی 29فیصد آبادی 15سے 29سال کے نوجوانوں پر مشتمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ رپورٹ کے مطابق پاکستان جنوبی ایشیاءمیں افغانستان کے بعد نوجوان آبادی والا دوسرابڑا ملک ہے۔شیخ عامر وحید نے کہا کہ اگر نوجوانوں پر بہتر توجہ دی جائے اور ان کی صلاحیتوں کو ملک کے بہتر مفاد میں استعمال کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں تو ہمارے نوجوان پاکستان کو تیز رفتار اقتصادی ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتے ہیں تاہم انہوں نے کہا کہ اگر نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کیلئے سازگار پالیسیاں نہ تشکیل دی گئی اور ان کو نظر انداز کیا گیا تو یہی نوجوان ہماری معیشت پر ایک بوجھ بن سکتے ہیں جس کے ملک کیلئے تباہ کن نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔ انہوںنے کہا حکومت کو چاہیے کہ وہ نوجوانوں کو بہتر تعلیم فراہم کرنے کی خاطر شعبہ تعلیم کیلئے زیادہ بجٹ مختص کرے کیونکہ مذکورہ رپورٹ کے مطابق پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جو نوجوانوں کی تعلیم پر بہت کم پیسہ خرچ کر رہے ہیں۔

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*