نواز شریف کی محنت اور وژن سے ملک ترقی کررہا ہے‘ شاہد خاقان

اسلام آباد(آئی این پی ) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا افتتاح کردیا‘ چارہزاردوسواڑتیس ایکڑ رقبے پرمحیط ملک کا پہلا گرین فیلڈ ہوائی اڈ ہ سفری سہولیات کے لحاظ سے یہ ملک کا سب سے بڑا ایئرپورٹ ہے جس پر 90لاکھ کے قریب مسافروں کی گنجائش ہے‘ جمعرات سے ہوائی اڈے سے پروازوں کا باقاعدہ آغاز ہوگا۔منگل کو شاہد خاقان عباسی نے نیو انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا افتتاح کیا۔ نیا ہوائی اڈہ عالمی معیار کا پہلا گرین فیلڈ ایئرپورٹ ہے ایئربس پی کے 320 نے نئے ایئرپورٹ پر لینڈ کیا جبکہ ایئرپورٹ سے پہلی پرواز ساڑھے بارہ بجے کراچی کے لئے روانہ ہوئی۔ جمعرات سے ہوائی اڈے سے پروازوں کا باقاعدہ آغاز ہوجائے گاپاکستان ایئرلائن کے ترجمان کے مطابق پی آئی اے کی پرواز پی کے 300 کراچی سے اسلام آباد کے لیے روانہ ہو ئی جس نے 11 بجے نیو اسلام آباد ایئر پورٹ پر لینڈ کیا جبکہ قومی ایئرلائن کی پہلی پروازدن ساڑھے بارہ بجے کراچی روانہ ہو ئی ۔ترجمان پی آئی اے کے مطابق کیپٹن فرخ مرزا پی کے 300 کے کپتان، زوہیر الیاس فرسٹ آفیسر تھے ، نیو اسلام آباد ایئر پورٹ پر صدر پی آئی اے اور سی ای او مشرف رسول نے مسافروں کا استقبال کیا ۔جدید ترین سہولیات سے آراستہ، 2 رن وے والا نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی عمارت کو جہاز کے پروں کے طرز پر بنایا گیا ہے جہاں بیک وقت 28 ہوائی جہازوں کے مسافروں کو سہولیات مہیا کی جا سکتی ہیں۔اسلام آباد کا نیا ایئرپورٹ خطے کے ایوی ایشن حب کے طور پر ڈیزائن کیا گیا ہے جہاں مسافروں کی سہولت کے لیے 3 شاپنگ مالز، گالف کورس، سینما گھر، بڑا اسپتال، کنونشن سینٹر، ڈیوٹی فری شاپس اور ریسٹورنٹ بھی موجود ہیں۔نئے ایئرپورٹ پر بین الاقوامی معیار کے مطابق سیلف چیک ان کانٹرز، لانگ ٹائم پارکنگ، 8 فائر کریش ٹینڈرز، جدید ترین ایئرفیلڈ، طیاروں کو فنی سہولیات فراہم کرنے کے لیے جدید ترین ایم آر او سسٹم اور الگ کارگو ٹرمینل بھی بنایا گیا ہے۔ایئرپورٹ پر کارگو ویلیج بھی بنایا گیا ہے جبکہ گرانڈ ہینڈلنگ ایجنسیز نے کام شروع کر دیا ہے۔نیو اسلام آباد ایئرپورٹ کا رن وے ساڑھے 3 کلو میٹر سے زائد طویل ہے جو پاکستان کا سب سے بڑا رن وے ہے جہاں اے تھری ایٹی سمیٹ دنیا کا بڑے سے بڑا ہوائی جہاز دھند میں بھی لینڈ کر سکتا ہے۔پاکستان کے سب سے بڑے ایئرپورٹ کو محفوظ بنانے کے لیے ایئر پورٹ سیکیورٹی فورس کے 4 ہزار جوان اور رینجرز کے دستے تعینات ہوں گے۔ اس کے علاوہ جدید ترین لیزر سیکیورٹی سسٹم بھی نصب کیا گیا ہے۔نئے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا منگل کے روز افتتاح کیاجارہاہے جس میں سالانہ نوے لاکھ مسافروں کی گنجائش ہوگی۔وزیراعظم شاہدخاقان عباسی نئے ہوائی اڈے کاافتتاح کریں گے۔شہری ہوابازی کے ادارے کے مطابق پی آئی اے کی کراچی سے آنے والی پرواز دن گیارہ بجے نئے ہوائی اڈے پر اتر ی جبکہ قومی ایئرلائن کی پہلی پروازدن ساڑھے بارہ بجے کراچی روانہ ہو ئی ۔پروازوں کاباقاعدہ آغاز(کل)جمعرات سے ہوگا۔نئے ایئرپورٹ پرکارگوٹرمینل، ایئرٹریفک کنٹرول کمپلیکس، آئل ڈپو اورآگ بجھانے کا جدید نظام بھی قائم کیاگیاہے۔ایئرپورٹ کاڈیزائن جدید طرز کا ہے جہاں ابتدائی طورپرسالانہ نوے لاکھ مسافروں اورپچاس ہزارمیٹرک ٹن کارگوکی آمدورفت کی گنجائش موجود ہے۔ افتتاحی تقریب میںگورنر پنجاب‘ خیبرپختونخوا اور وزیر اطلاعات بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔دریں اثناء وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ عالمی معیار کا ہوائی اڈہ ہے‘ موجودہ دور میں فضائی سفر ضرورت بن گیا ہے‘ لاہور ایئرپورٹ کی توسیع رواں ماہ شروع ہوجائے گی‘ ملک میں ترقی جمہوریت کی بدولت ہوتی ہے‘ پارلیمنٹ سپریم ہوگی تو ترقی ہوگی‘ نواز شریف کی محنت اور وژن سے ملک ترقی کررہا ہے‘ نواز شریف کے منصوبوں کی 65سال میں نظیر نہیں ملتی ماضی کی رکاوٹیں دور کرکے منصوبہ مکمل کردکھایا۔ منگل کو نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نیو اسلام آباد ایئرپورٹ کا افتتاح میرے لئے اعزاز کی بات ہے۔ یہ منصوبہ سالہاسال سے تاخیر کا شکار تھا نیو ایئرپورٹ عالمی معیار کا ہوائی اڈہ ہ ے یہ منصوبہ اقتصادی ترقی کے لئے گیٹ وے ثابت ہوگا۔ ہوائی اڈہ گزشتہ پانچ سال کی کارکردگی کی مثال ہے موجودہ دور میں فضائی سفر ضرورت بن گیا ہے۔ گوادر ایئرپورٹ بھی اپنی تکمیل کے آخری مراحل میں ہے ہم نے منصوبے شروع کئے پھر انہیں مکمل بھی کیا۔ لاہور ایئرپورٹ کی توسیع رواں ماہ شروع ہوجائے گی۔ ملتان‘ فیصل آباد میں ایئرپورٹ کے منصوبے مکمل کئے ملک میں ہزاروں کلومیٹر شاہرائیں بن رہی ہیں پشاور تا کراچی ہائی ویز منصوبے مکمل ہورہے ہیں ہم نے دس ہزار میگا واٹ سے زائد بجلی نظام میں شامل کی۔ گیس کی طلب اور رسد کا فرق مٹایا۔ انہوں نے کہا کہ بے شمار چیلنجز میں حکومت کرنا آسان کام نہیں حکومتی اقدامات پر تنقید کرنا بہت آسان بات ہے ہم ماضی میں ترقی اس وجہ سے نہ کرسکے کیوں کہ ہم جمہوریت کے سفر سے ہٹ گئے کبھی بھی کسی ملک میں جمہوریت کے بغیر ترقی نہیں ہوسکتی۔ پاکستان صرف جمہوریت کے ہونے سے ہی ترقی کرسکے گا۔ آئین اور پارلیمنٹ کی بالادستی ہوگی تب ملک ترقی کرے گا۔ آج نواز شریف کی محنت کی وجہ سے یہ ایئرپورٹ مکمل ہورہا ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت چھ فیصد گروتھ پاکستان کو دے کر جارہی ہے۔ یہ صرف گروتھ نہیں بلکہ نواز شریف نے وہ منصوبے مکمل کرکے دکھائے ہیں جس کی 65سال میں مثال نہیں ملتی۔ معیشت کی ترقی پچھلے پانچ سال میں جتنی ہوئی اتنی پاکستان کی تاریخ میں نظر نہیں آتی۔ مسلم لیگ (ن) تنقید کرنے والوںکو ترقی کے وہ کام کرکے دکھائے گی جس کی مثال 65 سال میں نہیں ملے گی۔ 2013 میں جب مسلم لیگ (ن) کی حکومت آئی تو نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا نام نشان بھی نہیں تھا پاکستان مسلم لیگ (ن) آج ترقی میں اپنے ریکارڈ پر کھڑی ہے۔ نواز شریف صاحب نے ایئرپورٹ کی سہولیات کے لئے پبلک ٹرانسپورٹ کا بھی وژن دیا ہماری کوشش ہے کہ ہم پبلک ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کریں دنیا میں کوئی ایسا بڑا ایئرپورٹ نہیں ہے جس میں عام پبلک ٹرانسپورٹ کا انتظام موجود نہ ہو مجھے امید ہے اس ایئرپورٹ پر مزید ایئرلائنز بھی آئیں گی۔

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*