تازہ ترین

ہرنائی زلزلہ متاثرین کی ہر ممکن مدد کی جارہی ہے،وزیر اعلیٰ بلوچستان

کوئٹہ(خ ن)وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ ہرنائی زلزلہ متاثرین کی ہر ممکن مدد کی جا رہی ہے۔ پاک فوج، ضلعی انتظامیہ، پی ڈی ایم اے اور دیگر امدادی ادارے ریلیف آپریشن میں مصروف ہیں۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ زلزلے سے متاثرہ علاقے اور ریلیف سرگرمیوں کے لیے ڈویژنل اور سب کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ ڈویژنل کمیٹی کی سربراہی کمشنر سبی ڈویژن جبکہ سب کمیٹی کی سربراہی ڈپٹی کمشنر ہرنائی کریں گے۔ وزیراعلی نے کہا کہ ڈویژنل کمیٹی تمام ریسکیو اور بحالی سرگرمیوں کو یقینی بنائے گی۔سب کمیٹی ریلیف آئٹمز کی تقسیم، زلزلے کے باعث سرکاری انفراسٹرکچر اور گھروں کے نقصانات کا اسسمنٹ مکمل کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سب کمیٹی گھر گھر جا کر نقصانات کا اسسمنٹ کرے گی۔ سب کمیٹی متاثرہ علاقوں میں خوراک، شیلٹر اور نان فوڈ آئٹمز اور ہاٹ فوڈ کی فراہمی کو بھی یقینی بنائے گی۔وزیراعلی نے ہرنائی زلزلے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کے لیے فوری طور پر معاوضہ دینے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ معاوضے کی رقم کی ادائیگی کے عمل میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے۔ وزیراعلی نے کہا کہ آزمائش اور مشکل کی اس گھڑی میں زلزلہ متاثرین کی ہر ممکن معاونت کی جائے گی۔وزیراعلی نے متعلقہ اداروں کو امدادی سرگرمیوں اور متاثرہ علاقوں کی بحالی کے کام کو مزید تیز کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*