کورونا کی تیسری لہر پہلے سے زیادہ شدید اور خطرنا ک ہے،مطہر نیاز رانا

کوئٹہ(خ ن)چیف سیکرٹری بلوچستان مطہر نیاز رانا کی زیر صدارت علماءکیساتھ کورونا وائرس کی روک تھام کے حوالے سے مشاورتی اجلاس منعقد ہوا اجلاس میں علماءکی باہمی مشاورت سے 27ویں رمضان کو یوم دعاو استغفار کے طور پر منایا جائیگا اور اس دن مسجدوں اور عبادت گاہوں میں عبادات اور دعا¶ں کا خصوصی اہتمام کیا جائیگا۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ ارشد مجید، آئی جی پولیس محمد رائے طاہر، سیکرٹری مذہبی امور بالاچ عزیز، کمشنر کوئٹہ اسفندیار کاکڑ جبکہ ڈپٹی کمشنرز اور صوبے سے جید علمائ، مشائخ نے بذریعہ وڈیو لنک شرکت کی۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ علمائے کرام کامعاشرے کی اصلاح میں بڑاکردار ہوتا ہے کیوں کہ یہ معاشرے میں دین کے داعی اورعلمبردار ہیں۔عوام کو منبرومحراب کے پلیٹ فارم سے کورونا وائرس کی تباہ کاری سے آگاہی، احتیاطی تدابیراختیار کرنے کی ترغیب اوررجوع الی اللہ کی ہدایت کریں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی صورتحال میں رمضان المبارک کے دوران علمائے کرام سمیت ہم سب کی ذمہ داریاں بڑھ جاتی ہیں، تمام شعبہ ہائے فکر کے علمائے کرام عبادات کے حوالے سے وفاقی حکومت کی 20 نکاتی ہدایات پرعمل کریں۔انہوں نے کہا رمضان المبارک میں علمائے کرام قومی یکجہتی، ہم آہنگی اور روا داری کا ثبوت دیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک معاشرے کے تمام طبقات حکومت کے ساتھ تعاون نہیں کرتے ہیں، تب تک حکومت اکیلے کورونا وائرس کا مقابلہ نہیں کرسکتی۔ ہمیں کورونا وائرس کے خلاف کامیابی حاصل کرنے کے لئے مل کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے علمائے کرام اور مذہبی سکالرز اور معاشرے کے دیگر اسٹیک ہولڈرز سے کہا کہ وہ کورونا وائرس کے معاملے پر اپنے پیروکاروں میں سوشل میڈیا کے ذریعے آگاہی پیدا کریں کہ انہیں سماجی روابط میں فاصلے رکھیں کیونکہ صرف احتیاط کے ذریعے ہی ہم کورونا وائرس کو شکست دے سکتے ہیں۔ اس موقع پر علماءنے یقین دلایا کہ وہ ہر موقع پر صوبائی حکومت کیساتھ تعاون کرینگے۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ کورونا وائرس کی تیسری لہر پہلے سے زیادہ شدید اور خطرناک ہے۔یہ وائرس نہ صرف زیادہ مہلک ہے بلکہ بہت تیزی سے پھیل بھی رہا ہے اس سے دوسرے صوبوں میں اموات کی شرح بلوچستان سے زیادہ ہے۔ اس لیے عوام کو چاہیے کہ وہ صوبائی حکومت کی جانب سے دیے گئے احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کو یقینی بنائے۔

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*