تازہ ترین

کوئٹہ یکے بعد دیگرے دو بم دھماکے، ایک ریسکیو اہلکار جاں بحق 2 ایس ایچ اوز اور میڈیا ورکرسمیت 9 افراد زخمی

کوئٹہ(این این آئی)کوئٹہ کے علاقے خروٹ آباد میں ٹرانسپورٹ کمپنی کے دفتر میں ہونے والے یکے بعد دیگرے 2دھماکوں میں ایک ریسکیو اہلکار جان بحق جبکہ دو ایس ایچ او اور میڈیا ورکز سمیت 9افرادزخمی ہوگئے۔پولیس کے مطابق کوئٹہ کے علاقے خیزی چوک پر واقع نجی ٹرانسپورٹ کمپنی کے دفتر میں شام سوا سات بجے دھماکہ ہوادھماکے سے نجی کمپنی کے دفتر کو نقصان پہنچا دھماکے میں کمپنی میں بیٹھے6افراد زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کیا گیا دھماکے کی اطلاع ملنے پر پولیس اہلکار ، میڈیا ورکر ز اور رضا کار موقع پرپہنچے ہی تھے کہ اسی کمپنی کے دفتر میں دوسرا دھماکہ ہو گیاجس کے نتیجے میں ایمبولینس سروس کا رضا کار نعیم جان بحق جبکہ ایس ایچ او خروٹ آباد نور الحسن ،ایس ایچ او ائیرپورٹ نیاز احمد ، دنیا ٹی وی کے رپورٹر ابرار احمد ، کیمرہ مین رحمت علی،عصمت اللہ ،فضل الرحمن ،خوشدل خان ،ارشاد نواز،عارف علی ،نصیب اللہ سمیت 9افرادزخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر سول ہسپتال کوئٹہ اور بولان میڈیکل ہسپتال پہنچادیا گیاجہاں 4زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے دھماکوں سے نجی ٹرانسپورٹ کمپنی کا دفتر مکمل طور پر تباہ ہوگیا جبکہ قریبی عمارتوں کو جزوی نقصان پہنچا۔دھماکوں کے فوری بعد علاقے میں بدترین ٹریفک جام کی وجہ سے زخمیوں کو ہسپتالوں میں پہنچانے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ دھماکوں کے بعد ایف سی ،پولیس اور دیگرقانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تفتیش شروع کردی ہے۔کوئٹہ میں یکے بعددیگرے دو دھماکوں کے بعد حفاظتی انتظامات کو سخت کردیا ہے شہر میں پولیس ،ایف سی اور اے ٹی ایف کے گشت میں اضافہ کرکے حساس مقامات اور رش والی جگہوں پر سادہ کپڑوں میں پولیس اہلکاروں کو تعینات کرکے مشکوک افراد اور اشیاءپر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*