تازہ ترین

کارپٹ ایسوسی ایشن جرمنی کی ” ڈومو ٹیکس “ نمائش میں شرکت ،کارپٹ کی عالمی نمائش کے لاہورمیں انعقاد کیلئے پر عزم

کراچی/لاہور( کامرس ڈیسک)پاکستان کارپٹ مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نے کہاہے کہ ہماری خواہش اور کوشش ہے کہ جرمنی میں منعقدہونے والی ” ڈومو ٹیکس “ نمائش میں بھرپور شرکت اور کارپٹ کی 38ویں عالمی نمائش کا لاہورمیں انعقاد ممکن ہو ، کورونا وباءکی صورتحال کا روزانہ کی بنیاد پر جائزلے کر دونوں ایونٹس کے حوالے سے حتمی فیصلہ کیا جائے گا ، حکومتی ذمہ داران سے ملاقاتیں کرکے انہیں مشکلات سے آگاہ کر چکے ہیں اور امید ہے کہ آئندہ بجٹ میں طورخم بارڈر کے راستے افغانستان سے خام مال کی درآمدپر ڈیوٹیز ختم یا انتہائی کم سطح پر لانے سمیت دیگر مطالبات پورے کر کے کارپٹ انڈسٹری کو ریلیف دیا جائے گا۔ ایسوسی ایشن کااجلاس چیئرمین پرویز ساجد اور سینئر وائس چیئرمین ریاض احمد کی صدارت میں منعقد ہوا ۔ اجلاس میں ساﺅتھ اور نارتھ سرکل کے عہدیداران اور ممبران بذریعہ ویڈیو لنک شریک ہوئے ۔اجلاس میں کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن پرویز حنیف ،سینئر مرکزی رہنما عبد اللطیف ملک، سعید خان،اکبر ملک ،میجر(ر) اخترنذیر ،دانیال حنیف اورفیصل سعید خان سمیت دیگربھی شریک ہوئے ۔سینئر وائس چیئرمین ریاض احمد نے بتایا کہ اجلاس کے شرکاءنے اپنی اس رائے کا اظہارکیا ہے کہ کوروناوباءکی صورتحال میںبہتری کی صورت میں جرمنی میں منعقدہونے والی ڈوموٹیکس نمائش میں شرکت کی جائے کیونکہ یہ نمائش پاکستان کے ہاتھ سے بنے قالینوں کی مصنوعات کی مارکیٹنگ کاموثرپلیٹ فارم ہے اور اس میں شرکت کے ذریعے پاکستانی برآمدکنندگان کوآرڈر بھی موصول ہوتے ہیں۔ اجلاس میں ایسوسی ایشن کے زیراہتمام لاہورمیں کارپٹ کی38ویں عالمی نمائش کے انعقادکے حوالے سے بھی جائزہ لیا گیا او رفیصلہ کیا گیا کہ کوروناکے حالات میں بہتری کی صورت میں اکتوبر کے آخری ہفتے یا نومبرمیں نمائش کاانعقادکیا جاسکتا ہے ۔ریاض احمد نے کہا کہ ایسوسی ایشن کا اعلیٰ سطحی وفد وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت عبد الرزاق داﺅد سمیت دیگر ذمہ داران سے ملاقات کرکے انہیںمسائل سے آگاہ کر چکاہے ، ہمارا مطالبہ ہے کہ افغانستان سے آنے والے خام مال پر ڈیوٹیزکا مکمل خاتمہ یا اس میں انتہائی حد تک کمی کی جائے اور آئندہ بجٹ میں ہمارے دیگرمطالبات کو بھی تسلیم کر کے انتہائی مشکلات کا شکارانڈسٹری کو ریلیف دیا جائے۔

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*