تازہ ترین

ڈیرن سیمی پشاور زلمی کی کپتانی سے مستعفی،2سال کیلئے ہیڈ کوچ مقرر،کپتانی وہاب کے سپرد

راولپنڈی(سپورٹس ڈیسک)پی ایس ایل سیزن فائیو میں پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی کو 2سال کیلئے ٹیم کا ہیڈ کوچ بنادیا گیا جبکہ وہاب ریاض آئندہ میچز کے لئے ٹیم کے کپتان ہوں گے۔جمعرات کوراولپنڈی میں پریس کانفرنس کے دوران پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے بطور کپتان مستعفٰی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم کے لئے ہمیشہ اچھا کھیلنے کی کوشش کی، کھلاڑیوں سے بھی کہا ہمیشہ ٹیم کے لئے اچھا کھیلیں، آخری دو سال کھیل کے دوران ان فٹ بھی ہوا، چاہتا ہوں اب کچھ الگ کردار ادا کروں، اب ٹورنامنٹ میں نوجوان کھلاڑیوں کو آگے آتا دیکھنا چاہتا ہوں۔ڈیرن سیمی کا کہنا تھا کہ وہاب ریاض آئندہ میچز کےلئے ٹیم کے کپتان ہوں گے تاہم میرے پاس خود کو منتخب کرنے کا بھی اختیار ہے، ٹیم مینجمنٹ اور کوچز کا شکریہ ادا کرتا ہوں، مجھے پوچھا جاتا ہے آپ کا بہترین کوچ کون رہا میرا جواب ہوتا ہے محمد اکرم۔ڈیرن سیمی کا کہنا تھا کہ آج میں شاید زلمی کے لیے آخری مرتبہ کھیلوں، گزشتہ 2سیزن کے دوران مکمل فٹ نہیں رہا،نوجوان کھلاڑیوں کو آگے آنا چاہئئے، اب ٹورنامنٹ میں نوجوان کھلاڑیوں کو آگے آتا دیکھنا چاہتا ہوں۔دوسری جانب محمد اکرم ڈائریکٹر کرکٹ اور بالنگ کوچ کے طور پر کام کریں گے۔ اس موقع پر محمد اکرم نے کہا کہ سیمی نے ہیڈ کوچ کا چارج آج سے ہی سنبھال لیا ہے، ڈیرن سیمی کو نئی ذمہ داری پر مبارکباد دیتے ہیں، ڈیرن سیمی ہیڈ کوچ کم پلیئرکے طور پر کام کریں گے، سیمی کے ساتھ پاکستانی محبت کرتے ہیں، سیمی کی بطور کپتان خدمات شاندار ہیں، ڈیرن سیمی کے ساتھ بہترین وقت گزر رہا ہے، اب انہیں ڈیرن زلمی کہنا چاہیے۔

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*