تازہ ترین

چوکوں چھکوں کی برسات میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا میلہ آج سجے گا

مسقط(آئی این پی) چوکوں چھکوں کی برسات ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ کا میلہ(آج) اتوارسے سجے گا،17اکتوبر سے ٹی 20ورلڈ کپ کا پہلا مرحلہ عمان،مسقط میں کھیلا جائیگا جبکہ سپر12دوسرا مرحلہ 23اکتوبر سے یو اے ای میں کھیلا جائیگا۔پہلے مرحلے میں 8ٹیمیں گروپ میچز کھیلیں گی جس میں 4ٹیمیں دوسرے مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گی، 17اکتوبر کو گروپ میچز کا پہلا میچ اومان اور پاپوا نیوگنی کے درمیان کھیلا جائے گا۔ ٹی20ورلڈ کپ کے افتتاح کو شاہی رنگ میں رنگا جائے گا جب کہ افتتاحی تقریب میں گھوڑے کی پشت پر ٹرافی پچ پر آئے گی۔ٹاس اور کھیل شروع ہونے کے درمیان افتتاحی تقریب سجائی جائے گی۔ اولمپکس اور فیفا ورلڈ کپ کے برعکس اس تقریب میں چکاچوند کے بجائے عمانی خواتین کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔عمان کرکٹ کے چیئرمین پنکج کھیم جی نے کہاکہ ہم ٹی 20ورلڈ کپ کی افتتاحی تقریب پر خصوصی شو کی پلاننگ کررہے ہیں، عام طور پر بڑے اسپورٹس ایونٹس کی تقاریب کو گلیمر کا تڑکا لگایا جاتا ہے مگر یہ کرکٹ ورلڈ کپ ہے، ہم نے آئی سی سی کو مختصر افتتاحی تقریب کیلئے راضی کرلیا۔انہوں نے کہا کہ خوش قسمتی سے17اکتوبر عمان کا یوم خواتین ہے، ہم نے اس موقع کی مناسبت سے عمانی خواتین کو خراج تحسین پیش کرنے کا فیصلہ کرلیا،اسی حوالے سے پروگرام بھی ترتیب دیے گئے ہیں، تقریب میں عمان کے کلاسیکل میوزک کے ساتھ ویسٹرن اور بالی ووڈ گانے بھی بجائے جائیں گے، تقریب میں ٹی 20ورلڈ کپ کا ترانہ پیش کیا جائے گا۔ مجموعی طور پر یہ تقریب 20منٹ پر محیط ہوگی،تقریب میں بادشاہی اصطبل کے 20 گھوڑے باونڈری کے قریب رہیں گے، ان پر 16خواتین رائیڈرز سوار ہوں گی، ہم ایک گھوڑے کی پشت پر روایتی عمانی اسٹائل میں ٹرافی کو پچ پر لانے کی منصوبہ بندی بھی کررہے ہیں۔دوسری جانب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی انعامی رقم کا اعلان کردیا ہے، فاتح ٹیم کو 16لاکھ ڈالرز ملیں گے، رنرز اپ 8لاکھ جبکہ سیمی فائنل میں شکست کھانے والی ٹیمیں چار چار لاکھ ڈالرز کی حقدار ٹھہریں گی۔ٹیموں کے گروپ میچز جیتنے کی رقم علیحدہ ہوگی، اگر پاکستانی ٹیم گروپ میں ناقابل شکست رہتے ہوئے ورلڈکپ جیتتی ہے تو وہ بتیس کروڑ روپے کمالے گی۔میگا ایونٹ سے قبل پاکستان ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقہ کیخلاف وارم اپ میچز بھی کھیلے گا۔پاکستانی ٹیم اپنا پہلا وارم اپ میچ 18اکتوبر کو ویسٹ انڈیز اور دوسرا وارم اپ میچ 20اکتوبر کوجنوبی افریقہ کیخلاف کھیلے گی۔ٹی20ورلڈ کپ میں 24اکتوبر کو پاکستان کا مقابلہ انڈیا کیساتھ دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں ہو گا،26اکتوبر کو پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ،شارجہ کرکٹ سٹیڈیم،29اکتوبر کو پاکستان بمقابلہ افغانستان، دبئی،2نومبر کو پاکستان بمقابلہ اے ٹو ابوظہبی،7 نومبر کو پاکستان بمقابلہ بی ون،شارجہ میں کھیلا جائیگا۔10نومبر کو پہلا سیمی فائنل ابوظہبی،11نومبر کو دوسرا سیمی فائنل دبئی جبکہ 14نومبرکوفائنل دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائیگا۔

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*