تازہ ترین

پی ڈی ایم اور مولانا فضل الرحمان ناکامیوں کے بعد حواس کھو بیٹھے ہیں، فواد چوہدری

اسلام آباد (آئی این پی)وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم سیاسی لاوارثوں کا ٹولہ ہے، پی ڈی ایم اور مولانا فضل الرحمان پے درپے ناکامیوں کے بعد اپنے ہوش و حواس کھو بیٹھے ہیں،مولانا فضل الرحمان نے دو سال قبل آج ہی کے روز 13نومبر 2019کو حکومت کے خلاف اپنا دھرنا ناکامی کے بعد ختم کیا تھا،ان کے پلان اے، بی سی ناکام ہوگئے تھے، جو بیانات اب دے رہے ہیں، اسی قسم کے بیانات اس وقت بھی انہوں نے دیئے، ان سیاسی بے روزگاروں کے پلے کچھ نہیں رہا، یہ صرف نعرے لگا سکتے ہیں، ہفتہ کو پی ڈی ایم کے جلسہ سے مولانا فضل الرحمان کے خطاب پر ردعمل دیتے ہوئے چوہدری فواد حسین نے کہا کہ پی ڈی ایم سیاسی لاوارثوں کا ٹولہ ہے، اس کا کام عوام کو صرف دھوکہ دینا ہے، پی ڈی ایم اور مولانا فضل الرحمان پے درپے ناکامیوں کے بعد اپنے ہوش و حواس کھو بیٹھے ہیں،لانگ مارچ ہو، شارٹ مارچ یا کوئیک مارچ، ہمیں ان مارچوں سے کوئی فرق نہیں پڑتا، مولانا پہلے بھی لانگ اور شارٹ مارچ کا ناکام تجربہ کر چکے ہیں، عوام پہلے بھی ان کے جھانسے میں نہیں آئے تھے اور اب بھی نہیں آنے والے، مولانا اپنی سردیوں کی ایکٹیویٹی کا شوق پورا کرلیں، پی ڈی ایم کو مشورہ ہے کہ وہ دو سال الیکشن کا انتظار کرے اور پھر پانچ سال مزید انتظار کرے کیونکہ اگلی حکومت انشااللہ عمران خان کی ہی ہوگی، مولانا فضل الرحمان کی ہر حکومت میں شامل ہونے والی چابی کو زنگ آلود ہو چکی ہے، جب ان کی دال نہیں گلی تو وہ احتجاجی طریقوں سے اپنی ڈوبتی سیاست کو بچانے کی کوشش کر رہے ہیں، چوہدری فواد حسین نے کہا کہ اپنی چوری بچانے کے لئے اپوزیشن ایک دوسرے کے کندھوں کا سہارا لے رہی ہے، وہ پہلے بھی ایک دوسرے کی پیٹھ میں چھرا گھونپ چکے ہیں، پی ڈی ایم بار بار ناکامیوں کے باوجود ملک کی ترقی و خوشحالی کے سفر میں رکاوٹ پیدا کرنا چاہتی ہے، پی ڈی ایم کا ملکی سیاست میں اب کوئی کردار باقی نہیں رہا، وزیراعظم عمران خان نے کرپٹ ٹولے کی اصلیت عوام کو دکھا دی ہے، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ہم سب متحد ہیں، قوم کو وزیراعظم عمران خان کی قیادت پر غیر متزلزل یقین ہے،احتجاج کرنے والے عناصر ترقی کا سفر روکنا چاہتے ہیں جو کبھی نہیں رکے گا۔

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*