تازہ ترین

پی ایس ایل 6 میں محفوظ اور پرجوش مقابلے دیکھنے کو ملیں گے،پی سی بی

کراچی(سپورٹس ڈیسک)کوویڈ 19 کی عالمی وباء کے باوجود ڈومیسٹک سیزن 21-2020 میں 235 میچز کے کامیاب انعقاد کے بعد اب وقت ہے ایچ بی ایل پی ایس ایل 6 کا، جو کہ 20 فروری سے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں شروع ہوگی۔ ایونٹ کے افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور کراچی کنگز کی ٹیمیں رات 8 بجے مدمقابل آئیں گی۔ اس ایڈیشن میں فینز کو محفوظ اور پرجوش کرکٹ مقابلے دیکھنے کو ملیں گے،جہاں 6ٹیمیں ایونٹ کی چمچماتی ٹرافی اور 80 ملین روپے کے حصول کے لیے مدمقابل ہوں گی۔ایونٹ میں ک±ل 112 ملین روپے کی رقم تقسیم کی جائے گی۔اسٹیڈیم کی حدود میں کوویڈ 19 کے پروٹوکولز پر عمل درآمد ہر صورت ممکن بنایا جا ئے گا۔اپنے پسندیدہ کرکٹرز کے کھیل کو دیکھنے کے لیے شائقین کرکٹ محدود تعداد میں اسٹینڈز میں موجود ہونگے۔ایچ بی ایل پی ایس ایل کا پانچواں ایڈیشن مکمل طور پر پاکستان میں کھیلے جانے کے بعد اب کرکٹ کے پرستاروں کے لیے بڑی خوشخبری یہ ہے کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کا چھٹا ایڈیشن بھی پاکستان میں کھیلا جا رہا ہے۔لیگ کےابتدائی چارایڈیشنز متحدہ عرب امارات میں کھیلے گئے تھے ، جس کی وجہ سے شائقین کرکٹ بھی مایوس تھے۔گزشتہ دو برسوں میں پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی اور ایچ بی ایل پی ایس ایل کے مکمل ایڈیشن کے پاکستان میں انعقاد کو ممکن بنانے کا اصل سہرا ہماری اسکیورٹی اسٹیبلشمنٹ کے سر سجتا ہے، اس کامیابی میں وفاقی حکومت اور پاکستان کرکٹ بورڈ کی انتھک محنت اور سنجیدہ کوششیں بھی شامل ہیں۔غیرملکی کھلاڑی اب پاکستان میں کھیل کر خود کو محفوظ تصور کرتے ہیں ، جس سے واضح ہوتا ہے کہ پاکستان میں کرکٹ کی سرگرمیاں مکمل طور پر بحال ہو چکی ہیں۔چھٹے ایڈیشن میں شائقین کرکٹ کی گراو¿نڈز میں واپسی ایک بڑا قدم ہے،گذشتہ ایڈیشن میں کورونا وائرس کی عالمی وبا کی وجہ سے پلے آف مرحلے کے میچزخالی گراو¿نڈز میں کھیلے گئے تھے۔پلے آف مرحلے کےتین میچزاور ایونٹ کے فائنل میں کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کےمابین دلچسپ مقابلہ بھی شائقین کرکٹ کے بغیر نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا گیا تھا۔ایچ بی ایل پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن کا پہلا مرحلہ 20 فروری سے 7 مارچ تک کراچی میں کھیلا جائے گا، پھر 2 روز کے آرام کے بعد فائنل سمیت بقیہ 14 میچز لاہورمیں کھیلے جائیں گے۔بیس فیصد تماشائیوں کو گراو¿نڈ میں میچ دیکھنے کی اجازت ہوگی۔ حفظان صحت کے اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کراچی میں 7500 جبکہ لاہور میں 5500 تماشائی اسٹینڈز میں بیٹھ کرمیچز دیکھیں گے۔اس موقع پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیوآفیسر وسیم خان کاکہنا ہے کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن کا آغاز ہونے جارہا ہےاور ہمارے لیے سب سے فخر کی بات یہ ہے کہ بیس فروری سے شروع ہونے والا ایڈیشن گزشتہ تمام ایڈیشنز سے زیادہ شاندار اور محفوظ ہوگا۔انھوں نے مزید کہا کہ بیس فیصد شائقین کرکٹ کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت دینے پر ہم نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے شکرگزار ہیں،اسٹینڈز میں مداحوں کی موجودگی نہ صرف اسٹیڈیم میں ماحول کو پرجوش بناتی ہے بلکہ یہ میدان میں موجود کھلاڑیوں کے حوصلے بھی بلند کرتی ہے۔

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*