تازہ ترین

پیٹرولیم قیمتوں میں معمولی کمی سے عوام کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا

لاہور(کامرس ڈیسک)آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی کمی سے عوام کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا ،حکومت مہنگائی کے بوجھ تلے دبے عوام کو ریلیف دینے کےلئے پیٹرولیم کی قیمتوں میں مزید 25سے 30فیصد کمی کا اعلان کرے ،تاریخ میں پہلا موقع ہے کہ عوام کی قوت خرید بالکل جواب دے گئی ہے جس کی وجہ سے ہر طرح کا کاروبار شدید مندے کا شکار ہے ۔ اپنے دفتر میں ملاقات کیلئے آنے والے تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے اشرف بھٹی نے کہا کہ حکومت پیٹرولیم کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کرتی ہے لیکن کئی ماہ بعد ریلیف کے نام پر عوام سے مذاق کیا جاتا ہے ۔ حالیہ کمی سے عوام کو کسی طرح کا ریلیف نہیں ملے گا اس لئے قیمتوں میں 25سے 30فیصد کمی کر کے اسے منجمد کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی اور بیروزگار کی وجہ سے عوام کے لئے دو وقت کی روٹی کاحصول بھی مشکل ہو گیا ہے ۔ مہنگائی بڑھنے اور آمد ن میں کمی کی وجہ سے عوام کی قوت خرید جواب دے گئی ہے جس سے ہر طرح کا کاروبار بری طرح متاثر ہوا ہے اور تاجرطبقہ بھی شدید مشکلات سے دوچار ہے ۔
٭٭٭

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*