پو لیو حسا س مسئلہ اور حکومت کیلئے چیلنج کی حیثیت رکھتا ہے،جا م کما ل

کوئٹہ(خ ن) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہاہے کہ پولیو ایک حساس مسئلہ ہے جو حکومت کے لئے چیلنج کی حیثیت رکھتا ہے جس سے موثر طور پر نمٹنے کے لئے جنگی بنیادوں پر اقدامات کی ضرورت ہے، صوبائی حکومت پولیو کے تدارک کو یقینی بنانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے اور پولیو کے مکمل خاتمے کے لئے پوری طرح سے پر عزم ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی یوم پولیو کی مناسبت سے جاری اپنے ایک پیغام میں کیا، وزیراعلیٰ نے کہا کہ پولیو کا موذی مرض بچوں میں عمر بھر کی معذوری کا باعث بنتا ہے جس کے باعث بچوں کی جسمانی نشوونما متاثر ہوتی ہے اور ہم اپنے بچوں کے مستقبل کو صحت مند اور محفوظ بنانے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام میں پولیو کے حوالے سے بھرپور شعور اور آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت ہے، اس حوالے سے علمائ کرام، والدین، اساتذہ اور سول سوسائٹی اور میڈیا کا بھی کلیدی کردار ہے جنہیں آگے بڑھ کر اپنا یہ مثبت کردار سماجی ذمہ داری کے طور پر ادا کرنا چاہئے، انہوں نے کہا کہ حال ہی میں رپورٹ ہونے والے پولیو کیسز باعث تشویش ہیں اور اس امر کی نشاندہی کرتے ہیں کہ پولیو کے تدارک کے لئے مقررکردہ ہدف کے حصول کے لئے مزید محنت اور جذبہ کی ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ صحت عامہ صوبائی حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہے خاص طورسے بچوں کو پولیو سمیت دیگر امراض سے محفوظ رکھنے کے لئے جاری عمودی پروگراموں کے لئے خاطر خواہ فنڈز مختص کئے گئے ہیں اور معمول کے حفاظتی ٹیکہ جاتی نظام کو بھی مضبوط بنیادوں پر استوار کیا جارہا ہے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ پولیو وائرس کے موثر تدارک سے ہی ہم اپنی آئندہ نسلوں کو ایک بہتر اور محفوظ مستقبل دے سکتے ہیں۔

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*