تازہ ترین

پسماندہ طبقے کیلئے صحت اور احساس کارڈ بڑا ریلیف فراہم کرینگے،عمران خان

اسلام آباد (این این آئی) وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ پسماندہ طبقے کیلئے صحت اور احساس کارڈ ایک بڑا ریلیف فراہم کریں گے،پنجاب اور خیبر پختونخوا میں اس حوالے سے خصوصی سیل بنا کر کام میں تیزی لائی جا رہی ہے،لاہور میں تکمیل کے بعد جلد صحت کارڈ کی تقسیم پورے پنجاب میں یقینی بنائی جائے گی۔ منگل کو یہاں وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت کسان، ہیلتھ اور احساس کارڈ کی پیش رفت اعلی سطح کا اجلاس ہوا جس میں خیبر پختونخوا اور پنجاب میں ساہیوال اور ڈیرہ غازی خان ڈویڑن میں ہیلتھ کارڈ کی تقسیم اور اس کے ذریعے لوگوں کو صحت کی سہولیات کے حصول پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ پنجاب میں صحت کارڈ کی تقسیم کے دوسرے مرحلے کو جلد لاہور سے شروع کیا جائے گا۔ بتایاگیاکہ لاہور میں صحت کارڈ کی تقسیم کے حوالے سے کام تیزی سے جاری ہے،کسان کارڈ کے حوالے سے اجلاس کو بتایا گیا کہ کارڈ کی تقیسم کا عمل جنوبی پنجاب سے شروع کیا گیا جس کے مثبت نتائج موصول ہو رہے ہیں.کسان کارڈ سے براہِ راست سبسڈی سے نہ صرف کسانوں کو معاونت کی فراہمی بلکہ شفافیت کا عنصر بھی یقینی بنایا گیا ہے،علاوہ ازیں کسان کارڈ میں سبسڈی کیلئے مزید پراڈکٹس کو شامل کرنے کی حکمتِ عملی حتمی مراحل میں ہے،وزیرِ اعظم نے ہیلتھ، کسان اور احساس کارڈ کی تقسیم اور ان سے متعلقہ انتظامات کی جلد تکمیل کی ہدایات جاری کیں،اجلاس میں معاونین خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر، ڈاکٹر فیصل سلطان، جمشید اقبال چیمہ اور متعلقہ اعلی افسران کی شرکت. اسکے علاوہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے وزرائے اعلی اور چیف سیکٹریز نے وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی ۔ وزیر اعظم نے کہاکہ حکومت کا صحت کارڈ نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا میں عوام کو صحت کی مکمل سہولیات کی مفت فراہمی کے حوالے سے منفرد اقدام ہے۔ انہوںنے کہاکہ پسماندہ طبقے کیلئے صحت اور احساس کارڈ ایک بڑا ریلیف فراہم کریں گے۔ انہوںنے کہاکہ پنجاب اور خیبر پختونخوا میں اس حوالے سے خصوصی سیل بنا کر کام میں تیزی لائی جا رہی ہے،لاہور میں تکمیل کے بعد جلد صحت کارڈ کی تقسیم پورے پنجاب میں یقینی بنائی جائے گی۔ وزیر اعظم نے کہاکہ صحت، احساس اور کسان کارڈ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*