تازہ ترین

پاکستانی قوم اور فوج کشمیریوں کی پشت پر ہیں، سردار مسعود

Sardar Masood Khan

حویلی(آئی این پی)صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت ہندوستان کے ٹکڑے ٹکڑے ہونے کا سبب بنے گی۔ بھارت کشمیر کو ہضم نہیں کر سکتا پاکستانی قوم اور فوج کشمیریوں کی پشت پر ہیں۔،بھارتی جارحیت کے بعد پیغام پاکستان بیانیہ مزید شدت سے عام کرنے کی ضرورت ہے۔ اولیا اکرام کی تعلیمات اس دھرتی پر امن و محبت کا سر چشمہ ہیں۔مشائخ بساہاں شریف کی خدمات قابل تقلید و لائق تحسین ہیں وہ اتوار کے روز درگاہ بساہاں شریف میں سالانہ عرس تقریبات کے اختتام پر“پیغام پاکستان کشمیر کانفرنس سے بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے جسکی صدارت سجادہ نشین درگاہ بساہاں شریف و ممبر اسمبلی پیر علی رضا بخاری نے کی کانفرنس سے قاری سید صداقت علی (تمغہ ھلال امتیاز)، صدارتی مشیر سردار زاھد عزیز مغل،پیر سید شبیر احمد، صاحبزادہ تنویر مناں، علامہ خادم حسین شاہ،پیر سعید احمد بخاری، علامہ حسن رضا سیفی قاری و دیگر نے بھی خطاب کیا ۔صدر مسعودخان نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور کرفیوانسانی المیہ کی شکل اختیار کرچکے ہیں، عالمی برادری مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر نوٹس لے، انہوں نے کہا کہ آزاد حکومت اور عوام اقوام متحدہ سے اپیل کرتی ہے کہ انسانی حقوق کمیشن مقبوضہ کشمیر میں بھیجا جائے،عالمی میڈیا کو مقبوضہ کشمیر میں جانے کی اجازت دی جائے تاکہ بھارتی اصل چہرہ دنیا کے سامنے آئے، سلامتی کونسل کااجلاس پاکستان کی بڑی سفارتی کامیابی ہے جو بھارت کہتا رہاکہ کشمیر ان کا اندرونی مسئلہ ہے۔بھارت سے سفارتی تعلقات محدود، تجارتی تعلقات منقطع اور پندرہ اگست کو یوم سیاہ کشمیریوں کی حمایت کیلئے کئے گئے، کشمیر پر حمایت پر پاکستان چین سمیت دوست ممالک کی حمایت کا شکرگزار ہے۔ پیر علی رضا بخاری نے اپنے خطاب میں کہاکہ بھارت نے مقبوضہ ریاست جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کی ہے۔ بھارت کی طرف سے مقبوضہ ریاست جموں وکشمیرمیں گذشتہ 30دنوں سے کرفیولگاکر جس طرح انسانی حقوق کی خلاف ورزیا ں کی جارہی ہیں اس پراقوام عالم کواپنا کرداراداکرناچاہیے۔ انھوں نے کہاکہ مودی حکومت کشمیریوں کی دشمن ہے جس نے مقبوضہ کشمیرکو جیل میں بدل رکھاہے۔ ضرورت اس امرکی ہے کہ مقبوضہ کشمیرمیں ہونے والی سنگین انسانی حقوق کی پامالیوں کے خلاف دنیابھرکے ایوانوں میں آواز بلند کی جائے۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان اور مسلح افواج پاکستان کی طرف سے مسئلہ کشمیر پرجو مضبوط موقف اختیارکیاگیاہے اسے آرپارکے کشمیری نہایت ہی قدرکی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور اس سے دونوں اطراف کے کشمیریوں کوحوصلہ ملاہے-،بھارتی اقدام سے خطے اور عالمی امن کو شدید خطرات سے دوچار ہو چکے ہیں،مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور کرفیوانسانی المیہ کی شکل اختیار کرچکے ہیں۔ پیر علی رضا بخاری نے ایل او سی پر بھارتی فائرنگ اور کلسٹر بم پھینکنے کی شدید مذمت کی انہوں حویلی کے لئے اضافی انتخابی حلقہ دینے کا اپنا مطالبہ بھی دہرایا۔انہوں نے کہا کہ قومی بیانیہ پیغام پاکستان کے فروغ کے لئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہی کیا جائے گا پیغام پاکستان وطن عزیز کے استحکام و سالمیت کا ضامن ہے, عالم اسلام کے عظیم قاری سید صداقت علی شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سالمیت و ازادی کشمیر کے لئے اتحاد و یگانگت کی پہلے سے زیادہ ضرور ہے، مقبوضہ کشمیر میں مودی کی دہشت گردی کے خلاف پوری قوم کا متحد ہونا حوصلہ افزاءہے جنگ بندی لائن کے قریب اس عظیم درگاہ بساہاں شریف میں منعقدہ اس اجتماع کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کے محصور عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، مشائخ بساہاں شریف کی عالمگیر خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ قومی بیانیہ پیغام پاکستان کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے اس بیانیہ کی روشنی کو عام کر کے دہشت گردی و انتہا پسندی کے اندھیروں کو دور کیا جا سکتا ہے۔

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*