تازہ ترین

ٹی20ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں پاکستان کو 5وکٹوں سے شکست

دبئی(آئی این پی) آئی سی سی ی20ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں آسٹریلیا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا، جمعرات کو نجی ٹی وی کے مطابق دبئی میں کھیلے گئے ٹی20ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی،پاکستان نے اننگز کا آغاز کیا تو اوپنرز نے پہلے اوور میں محتاط انداز اپنایا اور بابر اعظم نے اسٹارک کو بانڈری لگا کر کھاتا کھولا اور پھر اگلے اوور میں جوز ہیزل وڈ کو بھی چوکا لگایا،محمد رضوان کو اننگز کی ابتدا میں ہی نئی زندگی ملی اور گلین میکسویل کی گیند پر ڈیوڈ وارنر ان کا کیچ نہ لے سکے،دونوں اوپنرز نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے آسٹریلین بالرز کو آڑے ہاتھوں لیا اور پاور پلے میں کوئی وکٹ نہ گرنے دی،پاکستان نے پاور پلے میں 47رنز بنائے جو ان کا رواں ورلڈ کپ میں کسی بھی ٹیم کے خلاف پاور پلے میں کیا گیا سب سے بہترین اسکور ہے،اس اننگز کے دوران بابر اعظم نے مچل مارش کو چوکا لگا کر ٹی20انٹرنیشنل میچوں میں ڈھائی ہزار رنز کا سنگ میل عبور کر لیا اور یہ کارنامہ سب سے کم اننگز میں سرانجام دینے کا عالمی ریکارڈ قائم کردیا،اس سے قبل یہ ریکارڈ بھارتی کپتان ویرات کوہلی کے پاس تھا لیکن اب بابر اعظم نے 62اننگز میں ڈھائی ہزار رنز بنا کر یہ ریکارڈ اپنے نام کر لیا،اوپنرز نے پاکستان کو 71رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن اسی اسکور پر ایڈم زامپا کو چھکا مارنے کی کوشش میں بابر کی 39رنز کی اننگز اختتام کو پہنچی، ان کی اننگز میں پانچ چوکے شامل تھے،دوسرے اینڈ سے محمد رضوان نے بہترین بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور رواں ٹی20کرکٹ میں ہزار رنز مکمل کرنے کا اعزاز حاصل کر لیا جس کے ساتھ ہی وہ ٹی20کرکٹ کی تاریخ میں ایک سال میں ہزار رن بنانے والے پہلے بلے باز بن گئے،انہوں نے بہترین بیٹنگ کرتے ہوئے ہیزل وڈ کو چھکا مارنے کے ساتھ ساتھ اسی اوور میں نصف سنچری بھی مکمل کی،رضوان اور فخر نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے دوسری وکٹ کے لیے 72رنز کی شراکت قائم کی اور جوش ہیزل وڈ کے ایک اوور 21رنز بٹورے جنہوں نے اپنے چار اوورز کے کوٹے میں 49رنز دیے،رضوان نے 52گیندوں پر چار چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 67رنز کی اننگز کھیلی اور مچل اسٹارک کو وکٹ دے بیٹھے،نیوزی لینڈ اور افغانستان کے خلاف میچ میں چھکے لگانے والے آصف علی اس مرتبہ پہلی ہی گیند پر کیچ ہو کر پویلین لوٹ گئے،شعیب ملک کا بلا بھی اس مرتبہ خاموش رہا اور مچل اسٹارک نے ان کی وکٹیں بکھیر دیں،فخر زمان نے آخری اوور میں دو چکے لگا کر اپنی نصف سنچری مکمل کی اور پاکستان نے مقررہ اوورز میں 4وکٹوں کے نقصان پر 176رنز بنائے،فخر زمان نے 32گیندوں پر 4چھکوں اور 3چوکوں کی مدد سے 55رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی،پیٹ کمنز کے اوور میں صرف 3رنز آنے کے باوجود پاکستان نے آخری 4اوورز میں 54رنز بنائے،آسٹریلیا نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو پہلے اوور کی تیسری ہی گیند پر شاہین شاہ آفریدی نے آسٹریلین کپتان ایرون فنچ کو چلتا کردیا جو گولڈن ڈک کاشکار ہوئے،اننگز کے چوتھے اوور میں ڈیوڈ وارنر نے عماد وسیم کو آڑے ہاتھوں لیا اور ان کے ایک اوور میں 17رنز بنائے اور پھر حارث رف کے اوور میں 14رنز بٹورے،وارنر اور مچل مارش نے بہترین بیٹنگ کرتے ہوئے51رنز کی شراکت قائم کی لیکن 52کے مجموعے پر شاداب خان کو چھکا مارنے کی کوشش میں مچل مارش کیچ دے بیٹھے،ڈیوڈ وارنر نے جارحانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا لیکن دوسرے اینڈ سے شاداب نے ایک اور اہم وکٹ لیتے ہوئے اسٹیو اسمتھ کو بھی چلتا کردیا جو صرف 5 رنز بنا سکے،وارنر نے 49رنز کی اننگز کھیلی لیکن وہ نصف سنچری مکمل نہ کر سکے اور شاداب نے بہترین بالنگ کرتے ہوئے انہیں رضوان کے ہاتھوں کیچ کرا کر پاکستان کو اہم کامیابی دلائی،شاداب خان نے شاندار اسپیل کرتے ہوئے پاکستان کو ایک اور بڑی کامیابی دلائی اور حارث رف کے عمدہ کیچ کی بدولت گلین میکسویل کو بھی پویلین واپسی پر مجبور کردیا،شاداب خان نے چاروں اوورز میں ایک، ایک وکٹ حاصل کی اور 4اوورز کے کوٹے میں 26رنز کے عوض 4 وکٹیں لیں،96رنز پر 5وکٹیں گرنے کے بعد مارکس اسٹوئنس کا ساتھ دینے اسٹوئنس آئے اور دونوں نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان سے جیتی بازی چھین لی،آسٹریلیا کو آخری دو اوورز میں فتح کے لیے 22رنز درکار تھے لیکن شاہین کے اوور میں حسن علی نے میتھیو ویڈ کا آسان کیچ ڈراپ کردیا،ویڈ نے اس موقع کا فائدہ اٹھایا اور اگلی تین گیندوں پر چھکے جڑ کر اپنی ٹیم کی جیت پر مہر ثبت کردی،دونوں کھلاڑیوں نے 40گیندوں پر 81رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کی، ویڈ 17گیندوں پر 4چھکوں اور 2چوکوں کی مدد سے 41رنز بنائے جبکہ اسٹوئس نے 31گیندوں پر 40رنز کی اننگز کھیلی،آسٹریلیا نے میچ میں 5وکٹوں سے کامیابی حاصل کر کے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا جہاں اس کا مقابلہ اتوار کو نیوزی لینڈ سے ہو گا۔

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*