تازہ ترین

وفاقی کابینہ کی اراکین پارلیمنٹ کی تنخواہوں میں 10 فیصد ایڈہاک الاﺅنس کی سمری مسترد

اسلام آباد(آئی این پی)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ وفاقی کابینہ نے وزیراعظم کی کفایت شعاری مہم کے تحت اراکین پارلیمنٹ کی تنخواہوں میں 10 فیصد ایڈہاک الاﺅنس کی سمری مسترد کر دی، ملک میں آئندہ سال فائیو جی ٹیکنالوجی لانچ کر دی جائے گی، رواں سال پاکستانی ویب سائیٹس پر تقریباً 10لاکھ سائبر حملے ہو چکے ، این ٹی سی نے ان اٹیکس کو ناکام بنایا، ایف بی آر کی ویب سائیٹ کو ہیک کرنے کی کوشش کی گئی جس میں ایف بی آر کا ڈیٹا محفوظ رہا، گارڈین اخبار نے بھی رپورٹ کیا تھا کہ ہندوستان نے اسرائیلی کمپنی کے ساتھ مل کر پاکستان کے اہم موبائل فونز کا ڈیٹا ہیک کرنے کی کوشش کی ، وزیراعظم کا عزم ہے کہ ملک کے دور دراز علاقوں میں مواصلات کا نظام رائج کیا جائے، بڑی گاڑیوں پر ایڈیشنل کسٹم ڈیوٹی ختم ہونے سے گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی آئے گی۔ منگل کو وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی اور وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور نے الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں اور بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹنگ کا اختیار دینے کے حوالے سے پیشرفت اور معاملات پر بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی نے سپیکٹرم کی فروخت کے حوالے سے کابینہ کو بریفنگ دی۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ موجودہ سپیکٹرم کی نیلامی میں ایک ٹیلی کام کمپنی نے حصہ لیا، اس سے پہلے بھی ایک کمپنی نیلامی میں حصہ لیتی رہی ہے،2016ءمیں ٹیلی نار جبکہ 2017ءمیں جاز نے اسپیکٹرم نیلامی میں حصہ لیا تھا۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ اگلے سال ملک میں فائیو جی لانچ کر دی جائے گی جس میں متعدد کمپنیاں دلچسپی کا اظہار کر رہی ہیں۔ کابینہ نے پی ٹی اے کو ہدایت کی کہ ملک میں معیاری ٹیلی کام سروسز کو یقینی بنایا جائے تاکہ ٹیلی کام سیکٹر میں انقلاب کے ثمرات ملک کے ہر کونے میں عوام کو میسر آ سکیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ کابینہ کو فوجداری قوانین میں اصلاحات (کریمنل لاءریفارمز) پیش کی جانے والی تجاویز اور سفارشات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ مختلف قوانین میں مختلف ترامیم متعارف کرائی جا رہی ہیں، ان اصلاحات میں قوانین کو آسان بنانے اور آٹومیشن پر توجہ دی جا رہی ہے تاکہ انصاف کی جلد از جلد فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔ ان تبدیلیوں کے نتیجے میں پاکستان کا کریمنل جسٹس سسٹم تبدیل ہو کر رہ جائے گا، وزیرِ قانون فروغ نسیم نے مختلف قوانین میں ترامیم کے حوالے سے کابینہ کو تفصیلی بریفنگ دی۔ کابینہ نے ترامیم کے حوالے سے پیش کی جانے والی تجاویز کی اصولی طور پر منظوری دیتے ہوئے ان تجاویز کو کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی کو بھجوانے کی ہدایت کی، اب یہ معاملہ کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی میں زیر بحث آئے گا اور اس کے بعد ان کریمنل ریفارمز کو نافذ کر دیا جائے گا۔ وفاقی ویر اطلاعات نے بتایا کہ کابینہ نے چیئرمین سینیٹ، سپیکر قومی اسمبلی، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ، ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی اور ممبران پارلیمنٹ کی بنیادی تنخواہوں میں 10 فیصد ایڈہاک ریلیف کی تجویز مسترد کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ اس بچت مہم کا حصہ ہے جو وزیراعظم پہلے دن سے نافذ کئے ہوئے ہیں جس کے نتیجے میں وزیراعظم ہاﺅس نے بہت بڑی بچت کی، قومی اسمبلی نے ایک ارب 54 کروڑ روپے بچت کر کے واپس کئے۔ کابینہ کے اجلاس میں سپیکر، چیئرمین سینیٹ اور دیگر اراکین اسمبلی کو 10 فیصد الاﺅنس دینے کی تجویز دی گئی تھی، کابینہ نے کہا کہ یہ اس اصول کی خلاف ورزی ہے، ارباب اقتدار کو مثال دے کر ثابت کرنا چاہئے کہ وہ اس وقت تنخواہوں میں اضافہ نہیں دے رہے، معاشی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے اس تجویز کو مسترد کیا گیا ہے۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ کابینہ کو بتایا گیا کہ 14اگست 2021ءکو ایف بی آر کے ڈیٹا سنٹر پر سائبر حملے کے پیش نظر ایف بی آر حکام کی جانب سے پبلک پروکیورمنٹ رولز 2004ءکے تحت آپریشنل ایمرجنسی کا نفاذ کیا گیا تاکہ ڈیٹا سنٹر کی حفاظت کے لئے تمام تر ضروری اقدامات ہنگامی بنیادوں پر کئے جا سکیں اور ڈیٹا سنٹر کی سیکورٹی کو یقینی بنایا جا سکے۔ کابینہ نے ان اقدامات کی توثیق کی۔ اس حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ 14 اگست 2021ءکو ایف بی آر کی ویب سائیٹ کو ہیک کرنے کی کوشش کی گئی، اس کی انکوائری مکمل ہو گئی ہے اور یہ بات سامنے آئی کہ ایف بی آر کا ڈیٹا محفوظ رہا، ہیکرز اس تک رسائی حاصل نہیں کر سکے۔ ایف بی آر نے ڈیٹا کو محفوظ بنانے کے لئے مختلف اقدامات اٹھائے، ایک پروفیشنل کمپنی کو ہائر کیا جو ڈیٹا پروٹیکشن کو یقینی بنا رہی ہے، اس کے لئے رولز میں ریلیکس کیا گیا ہے تاکہ وہ جلدی ہائرنگ کر سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی نے کابینہ کو بتایا کہ اس سال پاکستانی ویب سائیٹس پر تقریباً 10لاکھ سائبر حملے ہو چکے ہیں، این ٹی سی نے ان اٹیکس کو ناکام بنایا، پاکستان کے اندر سائبر سیکورٹی کا ایک جامع فریم ورک موجود ہے، ہم اسے مزید مضبوط بنا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گارڈین اخبار نے بھی رپورٹ کیا تھا کہ ہندوستان نے اسرائیلی کمپنی کے ساتھ مل کر پاکستان کے اہم موبائل فونز کا ڈیٹا ہیک کرنے کی کوشش کی جن میں وزیراعظم کا نمبر بھی شامل تھا۔ ہم نے اس کے لئے ایک انکوائری کمیٹی بنائی تھی، ہم جامع ڈیٹا پروٹیکشن پر کام کر رہے ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ آٹو سیکٹر میں مقامی پیداوار کے فروغ (لوکلائزیشن) اور موجودہ ٹیرف نظام میں پیش آنے والی چند دقتوں کو دور کرنے کے لئے کابینہ نے ٹیرف پالیسی بورڈ کی سفارشات کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلہ کیا کہ ایس آر او 655(1)/2006 کے تحت درآمدات پر ایڈیشنل کسٹم ڈیوٹی کی شرح سات فیصد سے کم کر کے دو فیصد کر دی جائے، اس کے ساتھ ساتھ ہیوی کمرشل وہیکلز پر بھی اے سی ڈی کی شرح سات فیصد سے کم کرکے دو فیصد کردی جائے۔ اس کے نتیجے میں بڑی گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی آئے گی۔ ہزار سی سی گاڑیوں کے سامان کی درآمد پر ایڈیشنل ڈیوٹی ختم کی گئی ہے، ہزار سی سی سے نیچے کی گاڑیوں کی قیمتیں بھی کم ہوں گی۔ انہوں نے بتایا کہ کابینہ نے ”قائداعظم فاﺅنڈیشن ایکٹ2021“ کے مجوزہ مسودے کی اصولی منظوری دی ہے، اس قانون کا مقصد قائداعظم فاﺅنڈیشن کا قیام ہے۔

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*