وزیراعظم عمران خان کی روسی صدر پیوٹن کو دورہ پاکستان کی دعوت

اسلام آباد(آئی این پی) وزیراعظم عمران خان سے روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے ملاقات کی جس دوران علاقائی و بین الاقوامی امور پر بات کی گئی،جنوبی ایشیا میں امن و سلامتی پر پاکستان کے نقطہ نظراور مغربی ایشیا ، مشرق وسطیٰ سمیت خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیاگیا ،وزیراعظم نے روسی صدر پیوٹن کو دورہ پاکستان کی دعوت دیتے ہوئے دوطرفہ تعلقات میں مستحکم نمو پر اطمینان کااظہار اور “پاکستان سٹریم” گیس پائپ لائن منصوبے پر جلد از جلد کام شروع کرنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا،وزیراعظم عمران خان نے افغانستان تنازعہ کے سیاسی حل کی اہمیت پر زور دیا اور افغان امن عمل کو فروغ دینے میں روس کی کوششوں کو سراہا۔بدھ دونوں رہنماﺅں کے درمیان ہونے والی ملاقات کے بعدجاری مشترکہ اعلامیے کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے بشکیک میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے موقع پر روسی صدر ولادیمیر پوٹن کے ساتھ ملاقات کو دہرایا۔وزیراعظم عمران خان نے روس کے ساتھ تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے دو طرفہ تعلقات میں مستحکم نمو پر اطمینان کا اظہارکرتے ہوئے “پاکستان سٹریم” گیس پائپ لائن منصوبے پر جلد از جلد کام شروع کرنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا ۔وزیراعظم عمران خان نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کے تناظر میں پاکستانی موقف سے روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف کو آگاہ کیا جبکہ جنوبی ایشیا میں امن وسلامتی کے امور پر پاکستان کے نقطہ نظر پر بھی بات چیت کی۔دونوں رہنماﺅں نے کشمیر تنازعہ کے پرامن حل کی ضرورت پر زور دیا،مغربی ایشیا، مشرق وسطی سمیت خطے کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔مشترکہ اعلامیہ کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان توانائی، صنعت، ریلوے اور ہوا بازی کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون کے فروغ پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ رواں سال ماسکو میں ہونے والے بین الحکومتی کمیشن میں مختلف تجاویز اور منصوبوں پر پیش رفت ہوگی۔وزیراعظم عمران خان نے معزز مہمان کیساتھ کوویڈ 19، صحت عامہ اور معاشی چیلنجوں پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے روس کو سپوتنک فائیو ویکسین بنانے پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے ویکسین کی خریداری سے متعلق پاکستان کی دلچسپی ظاہر کی۔ وزیراعظم عمران خان نے افغانستان تنازعہ کے سیاسی حل کی اہمیت پر زور دیا اور افغان امن عمل کو فروغ دینے میں روس کی کوششوں کو سراہا۔ وزیراعظم عمران خان نے روسی صدر پیوٹن کو بھی دورہ پاکستان کی دعوت دی۔یاد رہے اس سے قبل روسی وزیرخارجہ نے شاہ محمود قریشی کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس مین انسداد دہشت گردی کیلئے پاکستان کو ملٹری آلات دینے کااعلان کیا تھا۔

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*