تازہ ترین

نبی کریم کی سیرت طیبہ اور تعلیمات پورے معاشرے کےلئے عملی نمونہ ہیں،فواد چوہدری

اسلام آباد(آئی این پی)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ رسول اکرم کی ذات اقدس حق کا پیغام ہے، اس کی روشنی میں ہم آگے بڑھیں گے، عشرہ رحمت للعالمین کی تقریبات کے موقع پر پیغام پاکستان سے متعلق عوام میں آگاہی پیدا کرکے ہم ایک ایسے معاشرے کی تشکیل ممکن بنا رہے ہیں جو رواداری اور برداشت پر مبنی ہو۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری کے ہمراہ 12 ربیع الاول یوم ولادت رسول کے موقع پر تقریبات کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کے چیئرمین سینیٹر فیصل جاوید بھی موجود تھے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ نبی کریم کی سیرت طیبہ اور ان کی تعلیمات پورے معاشرے کے لئے عملی نمونہ ہیں، ہمیں سیرت طیبہ کو عملی طور پر اپنی زندگیوں میں اپنانا چاہئے۔ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے کہا کہ ہم اپنی زندگیوں کو اسوہ رسول کے مطابق ڈھال کر اپنے مسائل کا حل نکال سکتے ہیں۔ انہوں نے اجلاس کو بتایا کہ عشرہ شان رحمت کے سلسلے میں وزارت مذہبی امور نے 20 اکتوبر تک مختلف موضوعات کا شیڈول جاری کیا ہے۔ انہوں نے ان موضوعات کو مدنظر رکھتے ہوئے سیرت کانفرنسوں کا انعقاد پر زور دیا۔ وفاقی وزرا نے وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق 12 ربیع الاول یوم ولادت رسول شایان شان طریقے سے منانے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ رحمت للعالمین اتھارٹی کے قیام کا اعلان خوش آئند ہے، اس اتھارٹی کے ذریعے نوجوان نسل کو مسلمانوں کی تاریخ اور اسلامی انقلاب کے پہلوﺅں سے روشناس کرایا جائے گا۔ قبل ازیں اجلاس میں عید میلاد النبی کی تقریب کی تیاریوں اور رحمت للعالمین سکالر شپ کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ 12 ربیع الاول کو دو بڑی تقریبات ہوں گی، ایک تقریب ایوان صدر اور دوسری کنونشن سینٹر میں ہوگی۔ وزیراعظم بڑے مذہبی اجتماع سے خطاب کریں گے۔

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*