تازہ ترین

ملک بھر میں یوم دفاع ملی جوش وجذبے کے ساتھ منایاجارہا ہے

ملک بھر میں یوم دفاع ملی جوش وجذبے اور شہدائے وطن کے ساتھ محبت وعقیدت کے ساتھ منایاجارہا ہے ، یوم دفاع کی مرکزی تقریب جی ایچ کیو راولپنڈی میں منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ تھے۔یوم دفاع پر   سرکاری اداروں اور صوبائی دارالحکومتوں میں یوم دفاع اور کشمیر پر مختلف تقریبات منعقد ہو ئیں،شہد کے مزارات پر حاضری دی گئی اور پھول چڑھائے گئے  ، ائیر بیس لاہور میں پاک فضائیہ کے زیر استعمال جنگی طیاروں اور دیگر سازو سامان کی نمائش ہوئی جبکہ ایئر فورس کے جدید طیاروں نے فلائی مارچ کیا۔  تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں  یوم دفاع وشہدا کی مرکزی تقریب جی ایچ کیو میں   منعقد ہوئی   ،یوم دفاع وشہدا کی مرکزی تقریب میں بگل بجا کر شہدا کو سلام پیش کیا گیا، آرمی چیف جنرل قمر  جاوید باجوہ نے یادگار شہدا پر حاضری دی اور پھول چڑھائے۔یوم دفاع و شہدا کی مرکزی تقریب میں شہدا کے لواحقین خصوصی طور پر مدعو تھے اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔یوم دفاع و شہدا کی تقریب میں   غیر ملکی سفرا، حکومتی ارکان اور اعلی عسکری حکام بھی شریک تھے۔تقریب کے آغاز پر قومی ترانہ پڑھا گیا جس میں تمام شرکا نے کھڑے ہو کر شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔اس موقع پر شہدا کے حوالے سے ایک ڈاکیومینٹری بھی پیش کی گئی جس میں شہدا کے اہلخانہ مختصر انٹرویو شامل کیے گئے  جس نے تقریب کے شرکا کی آنکھیں نم کر دیں۔ اسلام آباد نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں یوم دفاع و شہدا کی مرکزی تقریب منعقد ہوئی، مہمان خصوصی وائس ایڈمرل کلیم شوکت نے پاک بحریہ کے شہدا کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ پڑھی۔ قبل ازیں دن کا آغاز پاک بحریہ کی مساجد میں ملکی سلامتی و استحکام کی خصوصی دعائوں کے ساتھ ہوا۔ اسلام آباد کی طرح دیگر شہروں میں بھی شہدا کی یادگاروں پر فاتحہ خوانی کی گئی اور پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں۔     یوم دفاع کے موقع پر مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب کی گئی۔مزار قائد پر پاکستان ائیر فورس( پی اے ایف)اصغرخان اکیڈمی کے کیڈیٹس نے گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔ 55 کیڈیٹس پر مشتمل دستے میں 5 خواتین کیڈیٹس بھی شامل ہیں۔ائیرآفیسرکمانڈنگ اصغرخان اکیڈمی ائیروائس مارشل حامد  راشد رندھاوا تقریب کے مہمان خصوصی تھے،مزار قائد پر فاتحہ خوانی اور پھولوں کی چادر چڑھا ئی ، مزار قائد پر  قومی ترانہ پڑھا گیا۔ برکی علاقہ میں میجر عزیز بھٹی شہید، باٹا پور اور مناواں میں 1965 کی جنگ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پاک فوج کے شہدا کی یادگاروں پر حکومتی،  فوجی شخصیات اور عام شہریوں کی طرف سے پھول چڑھائے گئے اور فاتحہ خوانی کی گئی۔پاکستان ایئر فورس کے زیر اہتمام ائیر بیس لاہور میں پاک فضائیہ کے زیر استعمال جنگی طیاروں اور دیگر سازو سامان کی نمائش ہوئی جبکہ ایئر فورس کے جدید طیاروں نے فلائی مارچ کیا   ۔دوسری جانب لاہور میں میجر شبیر شریف شہید نشان حیدر کے مزار پر بھی یوم دفاع کے حوالے سے تقریب منعقد کی گئی، جس میں پاک افواج کے افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے میجر شبیر شہید کے مزار پر سلامی پیش کی۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ  کی جانب سے  میجر شبیر شریف شہید کے مزار پر پھول چڑھائے اور میجر شبیر شریف شہید کے بلند درجات کے لیے دعا بھی کی۔میجر شبیر شریف شہید کے بیٹے تیمور شریف اور بہن نے بھی مزار پر پھول چڑھائے اور دعا کی۔ جی او سی 11 ڈویژن میجر جنرل محمد یوسف مجوکہ نے بھی میجر شبیر شہید کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔   یوم دفاع کے حوالے سے مزار اقبال لاہور پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی۔پاک فوج کے دستے نے مزار اقبال پر حاضری دی۔تقریب کے مہمان خصوصی میجر جنرل محمد عامر تھے۔ واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے میں یوم دفاع کی پر وقار تقریب منعقد کی گئی۔ امریکی ڈپٹی اسسٹنٹ سیکرٹری آف ڈیفنس نے تقریب سے خطاب کیا۔امریکی ڈپٹی اسسٹنٹ سیکرٹری آف ڈیفنس رینلڈ شرایور نے کہا کہ پاکستانی افواج کی دہشت گردی کے خلاف کامیابیوں کو تسلیم کرتے ہیں۔ امریکا میں پاکستان کے سفیر اسد مجید نے کہا کہ پاکستان اپنی خود مختاری اور آزادی کا تحفظ کرنا جانتا ہے، وطن کی حفاظت کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ تقریب میں مختلف ممالک کے فوجی اتاشی بھی شریک ہوئے۔

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*