تازہ ترین

مصباح الحق ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر جبکہ وقاریونس بولنگ کوچ مقرر

لاہور(سپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی)نے سابق کپتان مصباح الحق کو 3 سال کیلئے قومی کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مقرر کردیا ہے جبکہ وقار یونس کو 3سال کیلئے قومی ٹیم کا باﺅلنگ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔ مصباح الحق اور وقار یونس کی پہلی اسائنمنٹ سری لنکا کے خلاف سیریز ہوگی۔ پی سی بی نے شفافیت اور احتساب کا نظام لانے کے لیے مصباح الحق کو چیف سلیکٹر کا عہدہ بھی سونپ دیا ہے۔ چھ کرکٹ ایسوسی ایشنز کے ہیڈ کوچز مصباح الحق کی سربراہی میں کام کرنے والی سلیکشن کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔ مصباح الحق پی سی بی کی جانب سے قائم کردہ 5 رکنی پینل کا متفقہ انتخاب تھے۔ کوچز کی تلاش کے لیے قائم کردہ 5 رکنی پینل میں سابق کپتان اور کوچ انتخاب عالم، سابق کرکٹر اور کمنٹیٹر بازید خان، اسد علی خان ( رکن بی اوجی)، وسیم خان ( چیف ایگزیکٹوپی سی بی) اور ذاکر خان (ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ پی سی بی ) شامل تھے۔مصباح الحق کی تجویز پر پی سی بی نےوقار یونس کو قومی کرکٹ ٹیم کا بولنگ کوچ مقرر کردیا ہے۔ وقار یونس ماضی میں 2 مرتبہ قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈکوچ رہنے کے ساتھ ساتھ آئی سی سی ہال آف فیم کا حصہ بھی ہیں۔ وقار یونس کو بھی 3 سال کے لیے بولنگ کوچ کا کنٹریکٹ دیا گیاہے۔قومی کرکٹ ٹیم کے لیے مقرر کردہ دونوں کوچز کے ناموں کی منظوری چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے دی ہے۔مصباح الحق اور وقار یونس کی قومی کرکٹ ٹیم کے ہمراہ پہلی اسائنمنٹ سری لنکا کے خلاف سیریز ہوگی۔ 3 ایک روزہ اور 3 ٹی ٹونٹی میچوں پر مشتمل سیریز کا 27 ستمبر سے 9 اکتوبر تک جاری رہے گی۔ دونوں کوچز کی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں پہلی سیریز آسٹریلیا کے خلاف ہوگی۔ سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 21 سے25 نومبر کو برسبین میں کھیلا جائے گا۔ سیریز میں شامل دوسرا ٹیسٹ میچ ڈے اینڈ نائٹ ہوگا جو 29 نومبر سے 3 دسمبر تک ایڈیلیڈ میں جاری رہے گا۔مصباح الحق اور وقار یونس کی جوڑی اس سے قبل بھی ایک دوسرے کے ساتھ مل کرذمہ داریاں نبھاتی رہی ہے۔ مئی 2014 سے اپریل 2016 تک مصباح ا لحق قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان اور وقار یونس ہیڈ کوچ رہ چکے ہیں۔مئی 2017 میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے والے 45 سالہ مصباح الحق کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*