تازہ ترین

مسئلہ فلسطین اجاگرکرنے کیلئے پاک فلسطین فورم کے قیام کا اعلان

اسلام آباد (این این آئی) قبلہ اول، القدس، بیت المقدس اور مسئلہ فلسطین اجاگرکرنے کیلئے پاک فلسطین فورم کے قیام کا اعلان، مولانا فتیح اللہ عباد چیئرمین، ڈاکٹر عطاءالرحمن وائس چیئرمین منتخب جبکہ دیگر ممبران میں ندیم احمد خان، مولانا گلزار نعیمی، ڈاکٹر صابرابومریم ،قاری خلیل الرحمن اور ڈاکٹر محمود الحق شامل ہیں۔ پاکستان فلسطین فورم کا مرکزی دفتر اسلام آباد میں ہوگا، جبکہ دیگر شہروں میں ذیلی دفاتر بنائے جائیں گے۔ عنقریب مسجد اقصی اور بیت المقدس کے بارے میں آگہی مہم کے طور ملک بھر کانفرنسز، سینمارز، اور تعارفی نمائشیں بھی منعقد کی جائینگی، اس بات کا اعلان نیشنل پریس کلب اسلام اکباد میں پاک فلسطین فورم کی مرکزی قیادت نے ایک مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ مسئلہ فلسطین کے بارے میں عوام میں بھرپور آگہی پیدا کرنے اور پاکستان کی تمام سیاسی، مذہبی، عوامی جماعتوں، صحافی، وکلائ ، تاجروں، طلبہ یونینز اور اداروں کے ساتھ مل کر ایک وسیع تر نیٹ ورک قائم کرنے کیلئے پاکستان کی سول سوسائٹی اور دینی قیادت نے پاک فلسطین فورم کے قیام کا اعلان کیا ہے۔ ابتدائی مرحلہ پر مولانا فتیح اللہ عباد کو پاک فلسطین فورم کا چیئرمین اور ڈاکٹر عطائ الرحمن کو وائس چیئرمین منتخب کرلیا گیا ہے۔ جبکہ فورم کے دیگر ممبران میں ندیم احمد خان، مولانا گلزار نعیمی، ڈاکٹر صابرابومریم ،قاری خلیل الرحمن اور ڈاکٹر محمود الحق شامل ہونگے۔ پاکستان فلسطین فورم کا مرکزی دفتر اسلام آباد میں ہوگا جبکہ ملک کے دیگر شہروں میں تنظیم کے ذیلی دفاتر بنائے جائیں گے، پاک فلسطین فورم کے نو منتخب اور بانی چیئرمین مولانا فتیح اللہ عباد نے پاک فلسطین فورم کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ فلسطین صرف فلسطینی عوام ہی نہیں بلکہ پوری دنیا بالخصوص اور امت مسلمہ کا مشترکہ اور اہم ترین مسئلہ ہے، فلسطین مسلمانوں کا قبلہ اول اور ہمارے نبی کریم کا مقام معراج ہے۔ اسرائیل غاصب صہیونیوں کی ناجائز ریاست ہے جو انبیائ علیہم السلام کی مقدس سرزمین پر غاصبانہ تسلط کے بعد وجود میں آئی۔ ستر سال سے فلسطینی عوام ظلم و بربریت کا شکار ہیں، ان کے گھر بار لٹ چکے ہیں اور وہ پناہ گاہوں اور کیمپوں میں بے سروسامانی کی زندگی گزار رہے ہیں، لاکھوں لوگ نقل مکانی پر مجبور ہوچکے ہیں جبکہ ہزاروں فلسطینی تارکین وطن آج دنیا بھرمیں بے یار ومددگار ہیں، ان کی زندگی دہشت، اذیت اور کرب کی علامت بن چکی ہے۔ اسرائیلی قید وبند کی صعوبتوں نے دنیا کا ہرظلم ان پر روا رکھا ہے۔ مولانا فتیح اللہ عباد نے کہا کہ اسرائیل کا گزشتہ 13سال سے غزہ کی ناکہ بندی اور محاصرہ ہے۔ عالمی برادری سب کچھ دیکھتے سنتے ہوئے بھی خاموش تماشائی بنی بیٹھی ہے، جب کہ امریکہ براہ راست اسرائیل کی پشت پناہی کر رہا ہے۔ القدس خطرے میں ہے۔ مسلمانوں کے قبلہ اوّل کے خلاف صہیونی سازشیں عروج پرپہنچ چکی ہیں۔ ان حالات میں امت مسلمہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ اسرائیلی جارحیت کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ان حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے ہم نے پاکستان کے اندر اور باہر پاک فلسطین فورم کو متحرک کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ مسئلہ فلسطین کے لئے موثر طور پر آواز بلند کی جاسکے اور فلسطین کاز اور بالخصوص قبلہ اوّل مسجد اقصی کے دفاع اور فلسطینی عوام کے حقوق کی پامالی کے خلاف اپنی آواز کو اٹھائیں۔ کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ یہ بحثییت پاکستانی یہ ہماری دینی، ملی ، سیاسی و اخلاقی ذمہ داری ہے۔اسی طرح ہم دنیا بھر میں فلسطین کے لئے جاری پرامن سیاسی جدوجہد کا بھی حصہ بنیں گے اور پاکستان کے عوامی موقف کو دنیا کے سامنے رکھیں گے۔ مولانا فتیح اللہ عباد نے کہا کہ اس میں کوئی شک وشبہ نہیں کہ پاکستان قوم کا موقف اس مسئلہ کے بارے میں بالکل واضح اور دوٹوک ہے مگر اس کے باوجود یہود وہنود کے گٹھ جوڑکے سامنے گھٹنے ٹیکنے والوں کی آوازیں بھی آپ کو وقتاً فوقتاً سنائی دیتی ہیں جو اسرائیل کے ساتھ تعلقات قائم کرنے کے راگ الاپتے رہتے ہیں۔ اس سلسلے پاکستانی عوام اور قیادت نے ہمیشہ بیداری کا مظاہرہ کیا مگر گذشتہ کچھ عرصے میں اس مسئلہ کے بارے میں بہت کم بات کی جاتی ہے۔ انہوں ںے کہا کہ گذشتہ چند دنوں سے غاصب اسرائیلی صہیونی قوتیں عدالتوں کا سہارا لے کر مسجد اقصی میں مسلمانوں کے داخلے کو محدود کرکے یہودی طرز پر عبادت کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں جبکہ ایسا کرنا بین الاقوامی معاہدوں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے خلاف ہے۔ اس بارے میں پاکستانی عوام اور حکومت سے بھرپور آواز اٹھانے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ ہم عنقریب مسجد اقصی اور بیت المقدس کے بارے میں آگہی مہم کے طور ملک بھر کانفرنسز، سینمارز، اور تعارفی نمائشیں بھی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا یہ فورم پاکستان کی سیاسی اور مذہبی اختلافات سے بالا تر ہوکر قبلہ اول کی آزادی کے لئے کام کرے گا اور مسئلہ کشمیر کے حوالے سے بھی اپنی آواز کو اٹھاتا رہے گا۔ خیال رہے کہ پاک فلسطین فورم کے چیئرمین مولانا فتیح اللہ عباد ایک تجربہ کار سیاسی اور مذہبی رہنما ہیں اور گذشتہ دو دہائیوں سے استحکام پاکستان اورعالمی امن کے لئے کوشاں ہیں۔

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*