تازہ ترین

محکمہ اطلاعات کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت ہے، جام کمال

کوئٹہ(خ ن)وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی زیر صدارت آئندہ مالی سال 22-2021 کے لیے محکمہ اطلاعات، کھیل اور بہبود آبادی کی مجوزہ ترقیاتی منصوبوں اور انکے کانسیپٹ پیپرز کی تیاری سے متعلق وزیراعلی سیکریٹریٹ میں اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں صوبائی مشیر کھیل و ثقافت عبدالخالق ہزارہ، پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات محترمہ بشریٰ رند، ایڈیشنل چیف سیکریٹری منصوبہ بندی و ترقیات، وزیراعلی کے پرنسپل سیکرٹری، سیکرٹری فنانس، سیکرٹری اطلاعات، سیکرٹری کھیل، سیکرٹری بہبود آبادی، ڈی جی بی اسپورٹس اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی اجلاس کو محکمہ اطلاعات، بہبود آبادی اور کھیل کی نئے مالی سال کےلئے مجوزہ ترقیاتی اسکیمات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔سیکرٹری اطلاعات نے اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ نئے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں محکمہ اطلاعات نے ایف ایم ریڈیو کے قیام کا منصوبہ تجویز کیا ہے جبکہ سبی اور لورالائی میں ڈویڑنل انفارمیشن آفس کے قیام کا بھی منصوبہ تجویز کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ میڈیا اکیڈمی کی تعمیر پر کام جاری ہے۔ سیکرٹری پاپولیشن کی جانب سے بریفنگ میں بتایا گیا کہ آئندہ مالی سال کےلئے بہبود آبادی کی دو مجوزہ ترقیاتی منصوبوں کے کانسپٹ پیپرز کلیئر کیے گئے ہیں۔جس میں دفاتر کے قیام اور ری پروڈکٹو ہیلتھ سروسز سینٹرز کے قیام کے منصوبے تجویز کیے ہیں۔ اجلاس کو سیکرٹری کھیل نے نئے مالی سال کے لئے تجویز کردہ منصوبوں پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 12 ٹاو¿نز میں منی اسپورٹس کمپلیکس تعمیر کرنے کا منصوبہ تجویز کیا ہے۔اسی طرح آئندہ مالی سال کے دوران کرکٹ اور فٹبال اکیڈمی کے قیام کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ جبکہ 32 اضلاع میں فٹسال اسٹیڈیمز کی تعمیر کی مجوزہ اسکیمات کے کانسپٹ پیپرز بھی کلیئر ہوئے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ نئے مالی سال کے لیے ہاکی، تھروبال اور جیمنازیم کے قیام کے مجوزہ منصوبوں کے کانسپٹ پیپرز کلیئر ہوئے ہیں۔ اس موقع پر وزیر اعلی نے محکمہ اطلاعات کو ہدایت کی کہ صوبے کے بڑے شہروں میں ایف ایم ریڈیو کا قیام عمل میں لایا جائے۔ وزیراعلی نے کہا کہ محکمہ اطلاعات کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت ہے۔ وزیراعلی نے جرنلسٹس کالونی کے لیے انفراسٹرکچر کی فراہمی کا منصوبہ نئی پی ایس ڈی پی میں شامل کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلی نے کہا کہ سریاب، نواں کلی اور کچلاک میں اسپورٹس کمپلیکس تعمیر کئے جائیں۔ اسی طرح گوادر میں آمیوزمنٹ پارک اور اسپورٹس کمپلیکس کے منصوبے آئندہ مالی سال میں شامل کرنے کی تجویز دی۔ وزیراعلی نے ہدایت کی کہ کویٹہ میں گو کارٹ اینڈ ڈریگ ریس ٹریک بنائے جائیں۔ وزیراعلی بلوچستان نے لوکل اسپورٹس کے فروغ کے لیے اقدامات اٹھانے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ نئے سالانہ ترقیاتی پروگرام کو جامع حکمت عملی کے تحت تیار کرکے صوبے کے ہر علاقے کو ترقی کی جانب گامزن کیا جائے گا۔

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*