تازہ ترین

عالمی برادری کشمیریوں کی منظم نسل کشی کی غیرجانبدارتحقیقات کرے،پاکستان

اسلام آباد(آئی ا ین پی)ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے کہا ہے کہ کشمیر میں ماورائے عدالت قتل کا سلسلہ جاری ہے، قابض فوج نے مزید 7 کشمیریوں کو شہید کر دیا، پاکستان بھارتی اقدامات کی مذمت کرتا ہے، عالمی برادری کشمیر میں مظالم کا نوٹس لے،پاکستان کبھی بھارت سے مذاکرات سے نہیں ہچکچایا،جموں و کشمیر سمیت تمام امور پر بات چیت کےلئے تیار ہیں،دونوں ممالک جموں و کشمیر مسئلہ کے عالمی قوانین کے مطابق حل کے لئے مثبت بات کریں، پاکستان سمجھتا ہے کہ اس حوالے سے تیسرے فریق کی ثالثی درست ہوگی، پاک بھارت بات چیت جب بھی ہوئی، اس کا مرکزی موضوع جموں وکشمیر تنازعہ کا حل ہوگا،مس ایڈونچر کی صورت میں منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔جمعہ کو وزارت خارجہ میںہفتہ وار بریفنگ دیتے ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں فوجی محاصرے کو 600 سے زائد دن ہو گئے ہیں، عالمی برادری بھارت کو مجبور کرے کہ انسانی حقوق کی صورتحال کو بہتر بنائے۔ترجمان کا کہنا تھا کہ جہاں تک بات چیت کا تعلق ہے تو دونوں ممالک کے درمیان رابطے جنگوں میں بھی رہتے ہیں، پاکستان کبھی بھارت سے مذاکرات سے نہیں ہچکچایا، جموں و کشمیر سمیت تمام امور پر بات چیت کے لئے تیار ہیں۔زاہد حفیظ چودھری نے کہا کہ دونوں ممالک جموں وکشمیر مسئلہ کے عالمی قوانین کے مطابق حل کے لئے مثبت بات کریں۔ بامقصد اور نتیجہ خیز مذاکرات کے لئے بھارت کو مناسب ماحول پیدا کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان سمجھتا ہے کہ اس حوالے سے تیسرے فریق کی ثالثی درست ہوگی۔ پاک بھارت بات چیت جب بھی ہوئی، اس کا مرکزی موضوع جموں وکشمیر تنازعہ کا حل ہوگا۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہماری امن کی خواہش بھارت کی طرف سے بالا کوٹ مس ایڈونچر کے بعد پائلٹ کی واپسی سے ظاہر ہے۔ خطے میں تنازعات کے خاتمے کی خواہش رکھتے ہیں، کسی بھی نئی مہم جوئی کی صورت میں منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں، بھارت کو کلبھوشن کے معاملہ پر پاکستانی عدالتوں سے تعاون کرنا چاہئے۔ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ ترک صدر رجب طیب اردوان نے وزیراعظم عمران کو فون کیا، دونوں رہنماﺅں نے افغان امن عمل میں پاکستان کے کردار پر بات چیت کی۔ترک صدر نے افغان طالبان اور امریکا کے مذاکرات میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔ زاہد حفیظ چودھری کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ نے جرمن پارلیمنٹ کے صدر کو کشمیر میں بھارتی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا۔ان کا کہنا تھا کہ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے جرمنی کا دورہ کیا اور اپنے ہم منصب سے دوطرفہ تعلقات پر مذاکرات کئے۔ پاک بھارت تعلقات جموں و کشمیر، افغان امن عمل سمیت دوطرفہ امور پر بات کی گئی۔وزیرخارجہ نے جرمن پارلیمنٹ کے صدر سے ملاقات بھی کی اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ آرمی چیف جنرل قمر باجوہ اور امریکی وزیرخارجہ کے درمیان ٹیلیفونک گفتگو ہوئی۔ تیرہ اپریل کو ہونے والی اس گفتگو میں افغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا،ان کا کہنا تھا کہ چینی سفارتخانہ میں پاک چین سفارتی تعلقات کی سترویں سالگرہ پر سیکرٹری خارجہ نے پودا لگایا۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام سفارتکاروں کی سیکیورٹی یقینی بنانا حکومت پاکستان کی ذمہ داری ہے۔

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*