تازہ ترین

صوبے میں موجود قدیم اور تاریخی عمارتیں صوبے کی ثقافت کا اہم جزو ہیں، جام کمال

کوئٹہ(خ ن) وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان سے والڈ سٹی اتھارٹی لاہورکے ڈائریکٹر جنرل کامران لاشاری نے یہاں ملاقات کی، سینیٹر انوارلحق کاکڑ بھی اس موقع پر موجود تھے، ڈی جی والڈ سٹی اتھارٹی لاہور نے وزیراعلیٰ کو بتایا کہ اتھارٹی بلوچستان کے قدیم اور تاریخی ثقافتی ورثہ کے تحفظ اور اسے موثر طور پر اجاگرکرکے عالمی سطح پر متعارف کرانے کے لئے بلامعاوضہ تکنیکی معاونت فراہم کرے گی، اس سلسلے میں ژوب میں 1889ءمیں تعمیر ہونے والی رابرٹ سنڈیمن کی قدیم رہائش گاہ کی دوبارہ اصل حالت میں بحالی میںاتھارٹی تکنیکی معاونت اور مشاورت دے گی، اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں موجود قدیم اور تاریخی عمارتیں صوبے کی ثقافت کا اہم جزو ہیں جن کی دوبارہ اصل حالت میں بحالی سے سیاحت کو فروغ ملے گا۔ فورٹ سنڈیمن ژوب کے مرکزمیں واقع ہے اور یہ سی پیک کا روٹ بھی ہے، اس کی دوبارہ اصل شکل میں بحالی سے بلوچستان کی تاریخی ثقافت کو احسن انداز میں اجاگر کیا جاسکے گا، انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت گذشتہ ادوار کی روش سے ہٹ کر سیاحت کے شعبے کی ترقی کے لئے خاطر خواہ اقدامات کررہی ہے تاکہ بلوچستان کا مثبت عکس دنیا کے سامنے نمایاں ہو، بعدازاں ڈپٹی کمشنر ژوب طٰہٰ سلیم اور ڈائریکٹر والڈ سٹی اتھارٹی لاہور نجم الثاقب شیخ نے فورٹ سنڈیمن کی دوبارہ حقیقی شکل میں بحالی کے لئے مفاہمتی یاداشت پردستخط کئے۔

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*