تازہ ترین

شہبازشریف اور مولانافضل الرحمان کاملک میں فوری الیکشن کا مطالبہ

لاہور(این این آئی) مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف اور مولانافضل الرحمان نے ملک میں فوری الیکشن کا مطالبہ کردیا۔جمعیت علما اسلام (ف) کے سربراہ اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے صدر مولانا فضل الرحمان نے صدر پاکستان مسلم لیگ ن محمد شہباز شریف کے گھر پر ان سے ملاقات کی، جس میں ملکی سیاسی صورتحال، اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم، مہنگائی اور بجلی و گیس کی قیمتوں میں اضافے پر گفتگو ہوئی۔شہباز شریف نے مولانا فضل الرحمان کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آٹے و چینی کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، لیکن حکومت غفلت کی نیند سو رہی ہے، پی ڈی ایم سمیت تمام سیاسی جماعتوں کا مطالبہ ہے ملک میں فی الفور شفاف انتخابات کروائے جائیں، ملک کو ترقی کی منزل کی طرف لے جانے کا یہی ایک راستہ ہے، اگرچہ یہ منزل آسان نہیں اور بہت محنت کرنی ہوگی، تب جاکر 2018 سے پہلے کی صورتحال پر آئیں گے، اس منزل کی بنیادی سیڑھی شفاف الیکشن ہے، جس پر میں اور مولانا متفق ہیں، حکومت اور مہنگائی کے خلاف مارچ ہرصورت کرنا ہوگا، حکومت کا محاسبہ کرنا ہوگا، مودی فوج کے وقار کو وہ نقصان نہیں پہنچا سکا، جو عمران خان نے نازک معاملات کو ہینڈل کرکے پہنچایا، یہ انتہائی قابل افسوس ہے۔انہوںنے کہاکہ ڈینگی نے ملک میں تباہی مچائی ہوئی ہے، عوام پربجلی اورگیس بم گرائے جا رہے ہیں۔پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ کسان،مزدورسمیت ہرطبقہ پریشان ہے، عوام پر قہر بن کر حکومت مسلط ہے، حکومت سے خلاصی ہر آدمی کی آرزو بن چکی ہے، فوری الیکشن پاکستان کی ضرورت ہے۔ تمام ادارے تباہ ہوچکے ہیں۔ پی ڈی ایم سنجیدہ ہے، 16 اکتوبر کو فیصل آباد میں تاریخی اجتماع ہوگا، 31 اکتوبر کو ڈیرہ غازی خان(ڈی جی خان)میں بڑا اجتماع ہو گا۔انہوں نے کہا کہ اتنا نقصان تو بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی بھی نہیں پہنچا سکتا تھا جتنا عمران خان نے پہنچا دیا۔ 16 ہزاربرطرف ملازمین کے ساتھ یکجہتی کا اظہارکرتے ہیں۔ 16 ہزاربرطرف ملازمین کے ساتھ کھڑے ہیں۔پی ڈی ایم سربراہ کا کہنا تھا کہ کسان،مزدورسمیت ہرطبقہ پریشان ہے، عوام پر قہر بن کر حکومت مسلط ہے، حکومت سے خلاصی ہر آدمی کی آرزو بن چکی ہے۔

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*