تازہ ترین

شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 9 دہشتگرد ہلاک کردیئے ، ایک گرفتار

راولپنڈی (آئی این پی ) شمالی وزیرستان میں آپریشن کے دوران 9 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں 2 اہلکار شہید ہوگئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے دوسالی، خیسورہ میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 9 دہشت گرد مارے گئے جبکہ ایک دہشت گرد گرفتار کرلیا گیا۔آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کی فائرنگ سے 2 اہلکار شہید اور 5 زخمی ہوگئے۔ شہید لانس نائیک عبدالوحید کاتعلق مظفرآباد سے ہے،شہید سپاہی سقم داد کا تعلق ایبٹ آباد سے ہے۔ اس سے قبل گزشتہ ہفتے 20 اپریل کو آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ سے دس کلومیٹر دور دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں 5 دہشت گرد ہلاک جبکہ ایک جوان شہید اور 3 زخمی ہوئے تھے۔یاد رہے کہ رواں ماہ 13 اپریل کو شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز سے فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد مارے گئے تھے۔

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*