تازہ ترین

روزے کا مقصد پرہیزگاری اور ایثار و ہمدردی کے جذبات پیدا کرنا ہے ،وزیر اعظم

اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ قوم اور ملت اسلامیہ کو رمضان المبارک کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ پاک نے ایک بار پھر ہمیں رمضان المبارک کی برکات سے مستفید ہونے کا موقع فراہم کیا ہے، کرونا کی لہر سے دنیا پریشان ہے، ہمیں اپنی ، اپنے پیاروں کی زندگی کے تحفظ کیلئے پرہیز گاری کی صفت اپنانا ہوگی، غیرضروری طور پر سماجی میل ملاپ سے پرہیز کرنا ہوگا۔اپنے ایک پیغام میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ میں رمضان المبارک کی آمد پر پوری قوم اور ملت اسلامیہ کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ یہ اللہ تعالی کا خاص فضل وکرم ہے کہ اس نے ہمیں ایک مرتبہ پھر رمضان المبارک کے فیوض وبرکات سے مستفید ہونے کا موقع فراہم کیا۔ اللہ تعالیٰ نے ہمارے اندر تقویٰ پیدا کرنے کیلئے رمضان کے روزے فرض کیے۔ تقوی کا مطلب پرہیزگاری ہے۔ دوسرے لفظوں میں محتاط انداز میں زندگی گزارنا تقویٰ ہے۔ رمضان المبارک کا مہینہ محتاط انداز میں زندگی گزارنے کی تربیت کا موقع فراہم کرتا ہے۔ انہوںنے کہا کہ اس وقت کرونا وائرس کی تیسری لہر سے ساری دنیا پریشان ہے اور تمام ممالک ہنگامی بنیادوں پر اس وبا کی روک تھام کے لیے کوششیں کر رہے ہیں۔ کورونا کی یہ لہر پہلے سے زیادہ شدید اور خطرناک ہے۔ اللہ تعالیٰ ہمیں اپنی جانوں پر ظلم کرنے سے منع فرماتاہے۔ ہمیں اپنی اور اپنے پیاروں کی زندگی کے تحفظ کیلئے پرہیزگاری کی صفت اپنانا ہوگی۔ غیرضروری طور پر سماجی میل ملاپ سے پرہیز کرنا ہوگا۔ طہارت اور حفظانِ صحت کے اصولوں کواپنانا ہوگا۔ طبی ماہرین کی ہدایات کے مطابق ماسک پہننااور ویکسین لگوانے کا اہتمام بھی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں علماءو مشائخ کی مشاورت سے طے کردہ نماز تراویح اور اعتکاف سے متعلق SOPs پر بھی بھرپورعمل کریں ۔ علماءکی ہدایت کے مطابق نماز کے دوران 3 فٹ کا فاصلہ رکھیں، وضو گھر پر کریں اور جائے نماز ساتھ لے جائیں۔ بزرگ افراد گھر پر ہی نماز ادا کریں۔ علماءکی مشاورت سے طے کردہ ان حفاظتی تدابیر پر عمل ہماری قومی اور دینی ذمہ داری ہے ۔ ہمیں عبادات کی انجام دہی کو محفوظ ماحول میں یقینی بنانا ہے اور اپنی جانوں پر ظلم نہیں کرنا، رمضان میں زکوٰة اور فطرانہ بڑھ چڑھ کر ادا کریں اور ضرورتمندوں کا خصوصی خیال رکھیں۔ مجھے امید ہے کہ ہم حفاظتی تدابیر پر عمل سے کورونا کی اس لہر سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔ اللہ ہم سب کا حامی و ناصر ہو۔ آمین۔ دریں اثناءوزیر اعظم عمران خان نے رمضان المبارک کی آمد پر پوری قوم اور ملت اسلامیہ کومبارک بادپیش کرتے ہوئے کہاہے کہ روزے کا مقصد انسان کے اندر پرہیزگاری اور ایثار و ہمدردی کے جذبات پیدا کرنا ہے ،روزے کی حالت میں بندہ اللہ تعالی کے حکم کی اطاعت کرتے ہوئے ہر اس چیز سے اپنے آپ کو روک لیتا ہے جو عام دنوں میں اس کے لیے جائز ہوتی ہیں، اس وقت عالم انسانیت کرونا وائرس کی تباہ کاریوں سے دو چار ہے ،گزشتہ رمضان المبارک میں پاکستانی قوم نے جس طرح ایس اوپیز پر عمل کیا اور اس وبا کے پھیلاﺅ کو ہر ممکن حد تک روکا وہ قابل ستائش ہے ، رمضان المبارک کے اس با برکت مہینے میں ایثاراور ہمدردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہمیں ضرورت مندوں کا خصوصی خیال رکھنا ہے اور ناجائز منافع خوری و ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر کی نشاندہی اور حوصلہ شکنی کرنی ہے۔رمضان المبارک کے موقع پر قوم کے نام پیغام میں عمران خا ن نے کہاکہ میں رمضان المبارک کی آمد پر پوری قوم اور ملت اسلامیہ کومبارک بادپیش کرتاہوں۔اللہ تعالی کافضل وکرم ہے کہ اس نے ہمیں ایک مرتبہ پھر رمضان المبارک کے فیوض وبرکات سے مستفید ہونے کا موقع فراہم کیا۔انہوں نے کہاکہ روزے کا مقصد انسان کے اندر پرہیزگاری اور ایثار و ہمدردی کے جذبات پیدا کرنا ہے۔ روزے کی حالت میں بندہ اللہ تعالی کے حکم کی اطاعت کرتے ہوئے ہر اس چیز سے اپنے آپ کو روک لیتا ہے جو عام دنوں میں اس کے لیے جائز ہوتی ہیں۔ اس طرح بندے میں پرہیزگاری اور تقوی پیدا ہوتاہے۔ نیز روزے کی حالت میں بھوک وپیاس کو برداشت کرنے سے دوسروں کااحساس اور ہمدردی کے جذبات فروغ پاتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ اس وقت عالم انسانیت کرونا وائرس کی تباہ کاریوں سے دو چار ہے۔ گزشتہ رمضان المبارک میں پاکستانی قوم نے جس طرح SOPsپر عمل کیا اور اس وبا کے پھیلاو کو ہر ممکن حد تک روکا وہ قابل ستائش ہے۔اس سال بھی علما و مشائخ کی مشاورت سے رمضان المبارک میں نماز تراویح اور اعتکاف سے متعلق جن ایس اوپیزپر اتفاق کیا گیا ہے رمضان المبارک میں ان پر عمل درآمد کو یقینی بنانا ہم سب کی انفرادی اور اجتماعی ذمہ داری ہے۔ ہمیں اس نازک صورتحال کا مقابلہ متحد ہو کر کرنا ہے۔وزیراعظم نے کہاکہ رمضان المبارک کے اس با برکت مہینے میں ایثاراور ہمدردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہمیں ضرورت مندوں کا خصوصی خیال رکھنا ہے اور ناجائز منافع خوری و ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر کی نشاندہی اور حوصلہ شکنی کرنی ہے ۔عمران خان نے کہاکہ ان مبارک گھڑیوں میں اللہ تعالی کے حضور دعا کرنی ہے کہ اللہ تعالی اپنا خصوصی فضل و کرم فرماتے ہوئے سارے عالم کو اس آزمائش سے نکالے۔ اللہ تعالی پاکستانی قوم کی مدد فرمائے اور ہمیں آزمائش کی اس گھڑی میں صبر وتحمل کے ساتھ کامیابی عطا فرمائے۔ آمین۔

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*