حکومت لاقانونیت کی کسی صورت اجازت نہیں دے سکتی، جام کمال

کوئٹہ( این این آئی)وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان نے ایک صحافی کے سفاکانہ قتل کی مذمت اور واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ اس افسوس ناک واقعہ میں ملوث ملزمان کو فوری طور پر قانون کی گرفت میں لایا جائے۔ وزیراعلی نے کوئٹہ شہر میں گزشتہ روز روزنامہ آزادی کے رپورٹر و سب ایڈیٹر عبدالواحد رئیسانی پر نامعلوم افراد کی فائرنگ کے واقعے کا سختی سے نوٹس لیا ہے جس میں مذکورہ صحافی شدید زخمی ہوئے تھے اور بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے تھے۔ وزیراعلی بلوچستان نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مقتول کے لواحقین سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت ایسی لاقانونیت کی کسی صورت اجازت نہیں دے سکتی، انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ جلد از جلد ملزمان کی گرفتاری یقینی بنائی جائے۔ وزیراعلی نے کہا کہ صحافیوں اور میڈیا کے کارکنوں کو تحفظ فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے اور ان کی حکومت قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچانے اور صحافیوں کو تحفظ فراہم کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گی۔

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*