تازہ ترین

حکومت جرمنی میںمنعقدہ ” ڈوموٹیکس“ نمائش میں شمولیت یقینی بنائے‘ کارپٹ ایسوسی ایشن

لاہور/اسلام آبا(کامرس ڈیسک)پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرزایسوسی ایشن کے سینئر وائس چیئرمین ریاض احمد نے کہا ہے کہ عالمی نمائشو ں میں بھرپور شرکت برآمدات کے فروغ کےلئے آکسیجن کی حیثیت رکھتی ہے ،جرمنی میں منعقد ہ”ڈومو ٹیکس “نمائش پاکستانی مصنوعات کی تشہیر اور مارکیٹنگ کےلئے بہت بڑاپلیٹ فارم ہے اس لئے ضروری ہے کہ اس میں زیادہ سے زیادہ برآمدکنندگان کی شرکت کو یقینی بنایا جائے جس کے لئے حکومت شرکت کیلئے مقرر کردہ فیس میں کمی کرے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایسوسی ایشن کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن پرویز حنیف،سینئر مرکزی رہنماعبد اللطیف ملک،سعید خان، محمد اکبر ملک،دانیال حنیف،فیصل سعید خان اور دیگر بھی موجود تھے ۔ریاض احمد نے کہا کہکورونا وبا ءاورہاتھ سے بنے قالینوں کی برآمدات میں تشویشناک حد تک کمی کی وجہ سے برآمد کنندگان کے معاشی حالات انتہائی نا مساعد ہیں ۔ ”ڈومو ٹیکس“ٹیکسٹائل کے حوالے سے دنیا کی سب سے بڑی نمائش ہے جو ہاتھ سے بنے پاکستانی قالینوں کی مارکیٹنگ اور تشہیر کیلئے موثر پلیٹ فارم ہے اس لئے پاکستانی برآمد کنندگان کی زیادہ سے زیادہ شمولیت کو یقینی بنانے کیلئے زیادہ سے زیادہ مالی معاونت فراہم کی جائے ۔حکومت ہماری درخواست کو زیر غور لاتے ہوئے فیس اور اخراجات کیلئے 80/20کے فارمولے کے تحت پالیسی بنائے تاکہ اس عالمی نمائش میں پاکستان کی زیادہ سے زیادہ شرکت ممکن ہو سکے ۔اس کے ساتھ ساتھ نمائش میں اپنی مصنوعات لے جانے والے برآمد کنندگان کو فریٹ میںبھی خصوصی سبسڈی دی جائے ۔انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حالات میں پانچ بار شرکت کرنے والی کمپنی پر عائد پابندی کی شرط میں بھی خصوصی چھوٹ دی جائے کیونکہ حالات کی وجہ سے نئی کمپنیاںاس نمائش میں شرکت نہیں کریں گی اور کئی دہائیوںسے کام کرنے والے برآمد کنندگا ن اس بڑی نمائش میں کسی بھی صورت میں روایتی حریف ملک بھارت کے مقابلے میں پاکستان کا پرچم بلند رکھنے کے خواہشمند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اطلاعات کے مطابق روایتی حریف بھارت کی جانب سے نمائش میں زیادہ سے زیادہ سٹالز حاصل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے او راس کی بنیادی وجہ حکومت کی جانب سے شرکت کے خواہشمندوںکو فیس اور اخراجات میں بھرپور معاونت فراہم کرنا ہے ۔

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*