تازہ ترین

بلوچستان کابینہ اجلاس، احساس پروگرام بارے فوکل پرسن مقرر کرنےکی منظوری

کوئٹہ(خ ن)وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی زیرصدارت منعقد ہونے والے صوبائی کابینہ کے اجلا س میں وفاقی حکومت کے احساس پروگرام کے بلوچستان میں عملدرآمد کے آغاز کو سراہتے ہوئے پروگرام کے حوالے سے وفاقی وصوبائی حکومت کے درمیان کوآرڈینیشن کے لئے صوبائی سطح پر فوکل پرسن مقرر کرنے کی منظوری دے دی ہے، صوبائی حکومت پروگرام پر بھرپور طریقے سے عملدرآمد کے لئے وفاقی حکومت کو معاونت فراہم کرے گی، وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے احساس پروگرام وچیئر پرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کابینہ کو احساس پروگرام کے خدوخال اور اس پروگرام کے بلوچستان میں آغاز سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا، انہوں نے بتایا کہ پروگرام کا بنیادی مقصد غربت کے خاتمہ اورنچلی سطح پر معاشی سرگرمیوں کے آغاز کے لئے لوگوں کو مالی وتکنیکی معاونت کی فراہمی ہے اور پروگرام کے تحت بلاسود قرضے بھی فراہم کئے جائیں گے جبکہ ملک بھر میں ایک کروڑ افراد کو سماجی تحفظ فراہم کیا جائے گا، انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر اس پروگرام میں بلوچستان کو خصوصی توجہ اور ترجیح حاصل رہے گی، ابتدائی طور پر بلوچستان کے گیارہ اضلاع میں پروگرام پر عملدرآمد کا آغاز کردیا گیا ہے اور جیو ٹیکنگ سمیت انفارمیشن اینڈ کیمونیکیشن ٹیکنالوجی کے استعمال اور سروے کے ذریعہ نشاندہی کئے گئے مستحق اور ضرورتمند افراد کو طے شدہ طریقہ کار کے مطابق بلاسود قرضوں کی فراہمی او رمالی معاونت کا آغاز کردیا گیا ہے اور بتدریج صوبائی حکومت کی مشاورت سے دیگر ضلعوں تک پروگرام کو وسعت دی جائے گی،وزیراعلیٰ نے صوبے میں احساس پروگرام کے آغاز کو مثبت پیشرفت قراردیتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت سماجی شعبہ کی ترقی کے اس پروگرام سے بھرپور استفادہ کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کرے گی، کابینہ نے اجلاس کے ایجنڈا ٰمیں شامل دیگر نکات کا بھی جائزہ لیتے ہوئے ان میں سے بعض نکات کی منظوری دی، کابینہ نے بجلی رولز 1937ئمیں ترامیم کی منظوری بھی دی جو کہ 1980ئسے نافذالعمل ہیں ان ترامیم کا مقصد صوبے کو حاصل اختیارات کے تحت بجلی کی تنصیبات کی رجسٹریشن لائسنسنگ انسپکشن اور ایگزامینیشن کی مد میں عائد سالانہ فیسوں میں ردوبدل اور اضافہ ہے جس سے صوبے کی آمدنی میں اضافہ ہوگا، کابینہ نے وفاقی پی ایس ڈی میں شامل یک مچھ تا خاران دو سو کلومیٹر شاہراہ کی تعمیر کے لئے اراضی کی فراہمی کی منظوری بھی دے دی، کابینہ نے چلڈرن ہسپتال کوئٹہ کے امور کے حوالے سے کابینہ کی سب کمیٹی کی پیش کی گئی رپورٹ کا جائزہ بھی لیا اور رپورٹ پر مزید غوروخوض کا فیصلہ کیا گیا،کابینہ نے رواں مالی سال 2019-20 ءکے ترقیاتی پروگرام کی کتاب میں اشاعت کی بعض غلطیوں کی درستگی کی منظوری بھی دی،کابینہ نے کوئٹہ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کے آڈیٹوریم اور ہاسٹل کے زیرتعمیر منصوبے کے لئے درکار فنڈز کے اجراءکی منظوری بھی دی۔

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*