تازہ ترین

بلوچستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، جام کمال

کوئٹہ(خ ن)وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان سے چین کے سفیر نونگ رونگ کی قیادت میں ایک وفد نے یہاں وزیراعلی ہاو¿س میں ملاقات کی۔ ملاقات میں صوبائی وزراء میر عارف جان محمد حسنی، میر سلیم احمد کھوسہ، پارلیمانی سیکرٹریز میر سکندر عمرانی، محترمہ بشریٰ رند، چیف سیکریٹری بلوچستان، ایڈیشنل چیف سیکریٹری منصوبہ بندی و ترقیات، وزیراعلی کے پرنسپل سیکرٹری سمیت اعلیٰ حکام موجود تھے۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات کے فروغ، سی پیک کے منصوبوں اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان نے کہا کہ موجودہ حکومت گوادر میں انفراسٹرکچر کی ترقی، صحت، تعلیم سمیت پانی کی فراہمی کے منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔کوسٹل ایریاز کی ترقی کےلئے ماسٹر پلان جبکہ سیاحت کے فروغ کے لیے بھی جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات کیے جارہے ہیں۔ وزیراعلی نے کہا کہ بدقسمتی سے ماضی میں سی پیک منصوبہ سے خاطر خواہ فوائد حاصل نہیں کئے اور نہ ہی اس منصوبے کے تحت کوئی میگا پراجیکٹ لایا گیا۔ اگر کوئی بڑا منصوبہ شروع کیا گیا ہوتا تو آج یہاں کے لوگ اس سے مستفید ہو رہے ہوتے۔ تاہم بلوچستان حکومت نے اپنے فنڈز سے صوبے بھر میں ترقیاتی منصوبوں اور لوگوں کی معاشی وسماجی ترقی کے لئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔ وزیراعلی نے کہا کہ گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ کی تکمیل سے علاقے میں ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔ اس ائیرپورٹ کو نہ صرف چائنیز ایئرلائنز بلکہ دیگر ایئرلائنز کے لیے ٹرانزٹ حب بھی بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معدنیات، فشریز، زراعت، لائیو اسٹاک اور ٹیکنیکل ووکیشنل ٹریننگ کے شعبوں میں چین کے تعاون سے استفادہ کرنا چاہتے ہیں۔ وزیراعلی بلوچستان نے گوادر میں چائنیز لرننگ سینٹر اور ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مقامی لوگوں کو ہنر مند بنانے کے لیے اسکل ڈیویلپمنٹ پروگرام شروع کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ ?چینی کمپنیاں بلوچستان میں سرمایہ کاری کریں۔چینی سرمایہ کاروں کو ہر طرح کی سہولتیں فراہم کریں گے۔ وزیراعلی نے گوادر کو کراچی سے بذریعہ ریلوے نیٹ ورک ملانے کی تجویز بھی پیش کی۔ انہوں نے چینی ماہرین کی کوسٹل ایریاز میں موجود جیٹیز کی بحالی و ترقی میں معاونت فراہمی میں بھی دلچسپی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر چین کے سفیر نے وزیراعلیٰ جام کمال خان کی قیادت میں بلوچستان حکومت کے ترقی کے لیے اٹھائے گئے موثر اقدامات کو سراہا اور کہا کہ گوادر پورٹ پر 150 بستروں پر مشتمل ہسپتال تعمیر کر رہے ہیں۔گوادر پورٹ سے شہر تک سڑک کی تعمیر کا کام مکمل کیا گیا ہے۔ بلوچستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے کے لیے چینی کمپنیوں کو راغب کیا جائے گا۔ انہوں کہا کہ صوبے کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے 1700 مستحق خاندانوں کیلئے اشیائ خورد نوش مہیا کرنے کا پروگرام بنایا گیا ہے۔

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*