تازہ ترین

اپوزیشن کی خواہشات کبھی پوری نہیں ہونگی ، شاہ محمود قریشی

اسلام آباد (این این آئی)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہزاروں خواہشیں ایسی کہ ہر خواہش پہ دم نکلے ، اپوزیشن کی خواہشات کبھی پوری نہیں ہونگی ، آئندہ آنے والے دنوں میں اہم قانون سازی سامنے آ سکتی ہے، تمام پارٹی ممبران کو ان تمام قوانین سے آگاہی حاصل کرنی چاہیے۔وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے پارلیمانی پارٹی اجلاس کے بعد پارلیمنٹ ہاو¿س میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں افغانستان کی صورتحال اور ہمسایہ ہونے کے ناطے انسانی ہمدردی کے تحت اٹھائے گئے اقدامات، بین الاقوامی روابط، کے حوالے سے پارلیمانی پارٹی کو اعتماد میں لیا،ہم چاہتے ہیں کہ افغانستان میں امن قائم ہو۔ انہوںنے کہاکہ ہماری خواہش ہے کہ افغانستان میں معاشی صورتحال نہ بگڑے، ہم چاہتے ہیں کہ وہ امن مخالف قوتیں جو افغانستان کی مخدوش صورتحال سے فائدہ اٹھانا چاہتی ہیں انہیں موقع نہ مل سکے اس حکمت عملی کے حوالے سے وزیر اعظم صاحب نے خود بھی بات کی اور مجھے بھی اظہار خیال کا موقع دیا۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ مہنگائی کی وجوہات اس کے اندرونی اور بیرونی عوامل اور ان سے نبرد آزما ہونے کی حکمت عملی پر بات چیت ہوئی، آئندہ چند روز میں ہمارے اقتصادی ماہرین کی ٹیم اس حوالے سے ممبرز کو آگاہ کرے گی۔ وزیر خارجہ نے کہاکہ آئندہ آنے والے دنوں میں اہم قانون سازی سامنے آ سکتی ہے، تمام پارٹی ممبران کو ان تمام قوانین سے آگاہی حاصل کرنی چاہیے تاکہ دلائل کی بنیاد پر پارٹی کے نقطہ نظر کو آگے بڑھا سکیں۔ انہوںنے کہاکہ جہاں تک اپوزیشن کا تعلق ہے تو ان کے لیے یہی کہوں گا کہ ھزاروں خواہشیں ایسی کہ ہر خواہش پہ دم نکلے ،اپوزیشن کی یہ خواہشات کبھی پوری نہیں ہوں گی۔

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*