تازہ ترین

اپنی نیلگوں فضاﺅں کی حفاظت کےلئے ہم ہر دم تیار ہیں،ائیر چیف

اسلام آباد (آئی این پی ) پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے کہا ہے کہ پاک فضائیہ نے حالیہ آپریشن سوئفٹ ریٹورٹ میں دشمن پر واضح فتح حاصل کر کے ایک مرتبہ پھر دنیا کو دکھلایا کہ اپنی نیلگوں فضاﺅں کی حفاظت کےلئے ہم ہر دم تیار ہیں،وہ دن دور نہیں جب پاکستان دنیا کے نقشے پر ایک طاقتور اور ترقی یافتہ ملک کے طور پر ابھرے گا ،شہداءکا خون اس امر کا متقاضی ہےکہ ہم اپنی صفوں میں اتفاق و اتحاد پیدا کر کے وطن سے محبت اور اپنائیت کا رشتہ استوار کریں،کشمیری بھائیوں کے حق خود ارادیت کے حصول کے لیے ان کی جدوجہد میں شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ہفتہ کو ملک بھر میں پاک فضائیہ نے اپنے تمام ائیر بیسز اور تنصیبات پر 7 ستمبر یوم شہداءکے طور پر منایا۔اسی سلسلے میں ائیر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں منعقدہ ایک تقریب میں پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے شہداءکی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی ۔ تقریب میں پرنسپل سٹاف آفیسر،افسران اور ائیر مین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ دن کا آغاز1965ء اور 1971ءکی جنگوں کے شہداءاور ان تمام افراد کے لیے خصوصی دعاﺅں اور قرآن خوانی سے کیا گیا، جنہوں نے پاکستان کے معرض وجود میں آنے سے لے کر اب تک مادرِ وطن کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے کہا پاک فضائیہ نے حالیہ آپریشن سوئفٹ ریٹورٹ میں دشمن پر واضح فتح حاصل کر کے ایک مرتبہ پھر دنیا کو دکھلایا کہ اپنی نیلگوں فضاﺅں کی حفاظت کے لیے ہم ہر دم تیار ہیں۔مسئلہ کشمیر کی موجودہ صورت حال کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم اپنے کشمیری بھائیوں کے حق خود ارادیت کے حصول کے لیے ان کی جدوجہد میں شانہ بشانہ کھڑے ہیں ۔انہوں نے مزیدکہا کہ ہمارے اسلاف کی قربانیاں اور اس ملک کے دفاع کی خاطرشہداءکا خون اس امر کے متقاضی ہیں کہ ہم اپنی صفوں میں اتفاق و اتحاد پیدا کر کے وطن سے محبت اور اپنائیت کا رشتہ استوار کریں اور لسانی ، علاقائی اور فرقہ وارانہ سوچ سے بالا تر ہو کر ملک کی اقتصادی، معاشرتی اور تعلیمی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔اس دن کی مناسبت سے پا ک فضائیہ کے ایک دستے نے ائیر وائس مارشل غلام عباس گھمن، ائیر آفیسر کمانڈنگ ،سدرن ائیر کمانڈ کی سر کردگی میں پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان کی جانب سے پائلٹ آفیسرراشد منہاس شہید (نشانِ حیدر) کی قبر پر فاتحہ خوانی کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ ملک بھر میںپاک فضائیہ کے شہداءکی قبروں پر بھی پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں۔ہم اپنے پیشروﺅں سے ورثے میں ملی پاک فضائیہ کی شا ندار روایات پر ہمیشہ کاربند ر ہیں گے اور یہ امر ہم سب کے لئے باعثِ فخر ہے کہ آج ہم وطنِ عزیز کے تحفظ ا ور سلامتی کے لئے جان کی بازی لگانے والے شہداءکو خراجِ عقیدت پیش کر رہے ہیں جنہوں نے اپنی جانوں کی پرواہ نہ کرتے ہوئے انتہائی دلیری سے وطن عزیز کا دفاع کیا۔ ساری قوم ان کی عظیم قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے اور آج کی یہ تقریب ان کی خدمات کے اعتراف کی ایک کڑی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں ملک کی ترقی میں اپنا بھر پور کردار ادا کر نا چاہئے ۔ یقینا پاکستان ہماری شناخت ہے اور ہمیں پاکستان سے پیار ہے وہ دن دور نہیں جب پاکستان دنیا کے نقشے پر ایک طاقتور اور ترقی یافتہ ملک کے طور پر ابھرے گا ۔

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*