تازہ ترین

افغانستان، بم دھماکوں میں 5سیکورٹی اہلکار ہلاک ، 6زخمی

کابل /ترین کوٹ/قلعہ نو(م ڈ)افغانستان میں بم دھماکوں میں 5سیکورٹی اہلکار ہلاک اور 6زخمی ہوگئے جبکہ جھڑپ کے دوران 8عسکریت پسند مارے گئے ۔بدھ کو صوبائی گورنر محمدعمرشیرزاد نے بتایا کہ جنوبی صوبہ اروزگان کے دارالحکومت ترین کوٹ کے باہر چنارک کے علاقہ میں ہونیوالے ایک کار بم دھماکہ میں 4سکیورٹی اہلکار ہلاک اور 3دیگر زخمی ہوگئے ۔ عسکریت پسندوں نے مقامی وقت کے مطابق قبل ازسحر 2بجکر30منٹ پر چنارک کے علاقہ میں فوج اور پولیس کے مشترکہ اڈے کے قریب بارود سے بھری گاڑی سے دھماکہ کیا جس کے نتیجہ میں 2فوجی،1پولیس اہلکار اور حکومت نواز ملیشیا کا ایک رکن ہلاک اور 3 دیگر زخمی ہوگئے۔
مزید کوئی تفصیلات فراہم کئے بغیرعہدیدارنے بتایا کہ صورتحال قابو میں ہے۔عہدیدار نے طالبان کی جانب سے مہلک دھماکہ کرنےکا حوالہ دیتے ہوئے امن دشمنوں پر اس حملے کا الزام بھی لگایا لیکن مسلح تنظیم نے تاحال اس بارے میں کوئی تبصرہ نہیں کیاہے۔ ادھر دارالحکومت کابل میں ایک پولیس وین دھماکہ کی زد میں آنے کے باعث 1پولیس اہلکار ہلاک اور 3 دیگرزخمی ہو گئے ہیں۔کابل پولیس کے ترجمان فردوس فارامرز نے مزید کوئی تفصیلات فراہم کئے بغیر بتایا کہ پولیس ضلع نمبر 15 کے علاقہ تنگی تاراخیل میں صبح رش کے اوقات میں ہونیوالے دھماکہ میں پولیس کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجہ میں 1 پولیس اہلکار اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا اور 3 دیگر زخمی ہوئے۔تاہم انہوں نے مزید کہا کہ واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں۔کابل سمیت افغانستان کے بڑے شہروں میں ٹارگٹڈ حملوں میں اضافہ ہوا ہے ان میں سے زیادہ تر حملے مقناطیسی بموں سے کئے جاتے ہیں۔ دوسری جانب شمال مغربی صوبہ بادغیس میں ہونیوالی ایک جھڑپ کے دوران 8 عسکریت پسند ہلاک اور 4 پولیس اہلکاروں سمیت 11 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔صوبائی پولیس کے سربراہ فدا محمد پیرزادہ نے بتایا کہ جھڑپ اس وقت ہوئی جب طالبان عسکریت پسندوں کے ایک گروہ نے صبح سویرے صوبے کے ضلع قادیس میں سیکورٹی چوکیوں پر حملہ کیا۔ یہ مسلح جھڑپ کچھ گھنٹے جاری رہی اور عسکریت پسند 8 لاشیں پیچھے چھوڑ کر فرار ہو گئے۔پیرزادہ نے کہا کہ لڑائی میں 7 عسکریت پسند اور 4 پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں۔صوبہ بادغیس کے کچھ حصوں میں سرگرم طالبان عسکریت پسندوں نے ابھی تک اس خبر پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*