تازہ ترین

چین پاکستان اقتصادی راہداری ملک کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے، جام کمال

کوئٹہ(خ ن)وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی زیر صدارت بلوچستان میں سی پیک منصوبوں پر پیشرفت کے حوالے سے اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس منگل کے روز منعقد ہوا۔ وفاقی وزیر دفاعی پیداوار محترمہ زبیدہ جلال،چیئرمین سی پیک اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ، صوبائی وزراءمیر عارف جان محمد حسنی، میر سلیم احمد کھوسہ، پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات محترمہ بشریٰ رند، ایڈیشنل چیف سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات، عبد ا لصبور کاکڑ، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری زاہد سلیم سمیت متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز، ڈائریکٹر جنرل تعلقات عامہ بلوچستان و سینئر حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کو چیئرمین سی پیک اتھارٹی اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات نے بلوچستان میں سی پیک پراجیکٹس سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس کو بتایاگیا کہ توانائی، روڈ انفراسٹرکچر، انڈسٹریل کو آپریشن، سماجی و معاشی ترقی اور گوادر ڈویلپمنٹ سے متعلق 23منصوبے مرتب کئے گئے ہیں۔ حب میں سی پیک کے تحت 1320میگاواٹ کول فائرڈ پاور پلانٹ منصوبہ مکمل کرلیاگیا ہے جبکہ گوادر سمارٹ پورٹ سٹی ماسٹر پلان منصوبہ بھی مکمل کیاگیا ہے اسی طرح 13پراجیکٹس پائپ لائن میں ہیں، نئے گوادر انٹر نیشنل ایئرپورٹ، گوادر ایسٹ بے ایکسپریس وے، گوادرپورٹ اینڈ فری زون ڈیویلپمنٹ، پاک چائنہ فرینڈ شپ ہسپتال گوادر اور ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل انسٹیٹیوٹ گوادر کے منصوبوں پر فزیکل کام کا آغاز کردیاگیا ہے۔ اجلاس کو 300میگاواٹ کول پاور پلانٹ گوادر،کارپوریٹ ایگریکلچرل فارمنگ،بوستان اسپیشل اکنامک زون، سولر پاورڈ لائیٹنگ،ڈی سیلینیشن پاور پلانٹ اور بلوچستان کے طلباءو طالبات کو سی پیک کے تحت سکالر شپ کی فراہمی پر پیشرفت سے متعلق بھی آگاہ کیاگیا۔ اجلاس میں سی پیک منصوبوں سے متعلق مسائل کو جلد حل کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے منصوبوں کے فالواپ اور پیشرفت کو فاسٹ ٹریک کرنے کیلئے خصوصی ڈیسک قائم کرنے پر اتفاق کیاگیا۔ چیئرمین سی پیک اتھارٹی نے اس موقع پر کہا کہ گوادر پورٹ کی مکمل فعالیت سے نہ صرف بلوچستان بلکہ پاکستان میں ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔ سی پیک منصوبے میں سینٹرل ایشئن ممالک بھی سرمایہ کاری کرنے میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں انہوں نے یقین دلایا کہ سی پیک منصوبوں میں بلوچستان کے مقامی لوگوں کو روزگار کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری ملک کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے انہوں نے سی پیک سے متعلق منصوبوں کے روابط کو مزید مربوط بنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*